’’ہمیں ووٹ دویا بلڈوزر کا سامنا کرو‘‘

آسام بی جے پی لیڈر کی رائے دہندگان کو دھمکی،

 

نئی دہلی ،19اپریل :۔

لوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلے کا آج سے آغاز ہو گیا ہے،ضابطہ اخلاق کا پورے ملک میں نفاذ ہو گیا ہے لیکن بی جے پی کے رہنما ووٹوں کے لئے رائے دہندگان کو دھمکی دیتے نظر آ رہے ہیں ۔آسام کے بی جے پی ایم ایل اے بیجوئےملاکر  نے ایک عوامی جلسے میں عوا م کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں ووٹ دو یا پھر بلڈوزر کا سامنا کرنے کے لئے تیار ہو جاؤ۔دی آبزرور کی رپورٹ کے مطابق رتباری کے ایم ایل اے کا بی جے پی ایم پی امیدوار کرپاناتھ ملاکی حمایت میں ایک عوامی ریلی میں یہ دھمکیاں دینے کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے۔

ویڈیو میں، ملاکر کو آسامی میں ایک بڑے ہجوم سے خطاب کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے، "اگر آپ بی جے پی کو ووٹ نہیں دیتے ہیں، تو آپ کو نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ آپ جانتے ہیں کہ جو ہمیں ووٹ نہیں دیتے ان کے ساتھ کیا ہوتا ہے۔ ان کے لیے بلڈوزر آئے گا۔‘‘

اپوزیشن جماعتوں نے ووٹ حاصل کرنے کے لیےدھمکی دینے پر  پر بی جے پی پر تنقید کی ہے جبکہ ایم ایل اے کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ خاص طور پر کانگریس پارٹی نے ان کے خلاف سخت اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب کسی بی جے پی لیڈر نے بلڈوزر کا استعمال دھمکے کے طور پر کیا ہو۔ اسی طرح کی دھمکیاں ماضی میں اتر پردیش اور مدھیہ پردیش میں بی جے پی لیڈروں نے دی ہیں۔

بی جے پی نے بلڈوزر کو اپنے گورننس ماڈل کی علامت کے طور پر اپنایا ہے، اس کا استعمال "غیر قانونی طور پر” تعمیر شدہ عمارتوں کو گرانے اور مجرموں، مافیا اور فسادات بھڑکانے والے افراد کو نشانہ بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ اگرچہ امن و امان برقرار رکھنے کے نام پر یہ کارروائیاں جائز ہیں، لیکن ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ مسلم خاندانوں کو بے گھر کرنے کی ایک بڑی مہم کا حصہ ہیں۔