یونیورسٹی سطح پر تدریس اور جونیر ریسرچ فیلو کے لیے لازمی امتحان

قومی اہلیتی ٹیسٹ (UGC-NET) کا جون 2020میں انعقاد

مومن فہیم احمد عبدالباری، بھیونڈی

ہندوستان میں تعلیمی شعبہ پرائمری سے یونیورسٹی سطح تک ملازمتوں کی فراہمی کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ جدید تکنیکوں اور نئے نئے کورسیس نے اس شعبہ میں بھی روزگار کے مواقعوں میں اضافہ کردیا ہے۔ تعلیمی شعبے میں ملازمت کے لیے مخصوص مہارت اور تربیت لازمی ہے۔ ابتدائی سطح پر گریجویشن کے ساتھ ڈپلوما اِن ایجوکیشن، بیچلر اِن ایجوکیشن ، بیچلر ان فزیکل ایجوکیشن، جونیر کالج کی سطح پر پوسٹ گریجویشن کے ساتھ بیچلر ان ایجوکیشن ، ڈگری کالج سطح پر پوسٹ گریجویشن کے ساتھ نیٹ یا سیٹ کی قابلیت ہونا لازمی ہے۔ اس کے علاوہ یونیورسٹی سطح پر اسو سی ایٹ پروفیسر ، اسسٹنٹ پروفیسر وغیرہ کے لیے ایک امیدوار کا ڈاکٹریٹ (پی ایچ ڈی) ہونا لازمی ہے۔ ایک تجزیے کے مطابق ہندوستان دنیا میں سب سے زیادہ تعلیم حاصل کرنے والے افراد کی فہرست میں پہلے مقام پر ہے۔ ہمارے ملک میں بتدریج اعلیٰ تعلیم میں انرولمنٹ کی شرح بڑھتی جارہی ہے اور اسی کے مطابق اس شعبے میں ملازمت کے مواقع بھی بڑھیں گے۔ ہمارے طلبہ کو بھی اعلیٰ تعلیم میں رغبت پیدا کرنی ہوگی اور تعلیمی شعبے میں اپنا مقام بنانا ہوگا۔ آئیے قومی سطح پر ڈگری کالیجز میں بحیثیت اسسٹنٹ پروفیسر اور جونیر ریسرچ فیلو شپ امیدواروں کے لیے اہلیتی امتحان کا جائزہ لیں۔ جس کے لیے ریاستی سطح پر سیٹ (State Eligibility Test) اور قومی سطح پر (National Eligibility Test) جنھیں ہم عرفِ عام میں نیٹ/سیٹ کہتے ہیں۔ نیٹ (NET) امتحان سے متعلق دیگر تفصیلات حسبِ ذیل ہیں۔
منعقد کرنے والا ادارہ : قومی سطح پر منعقد ہونے والا یہ امتحان یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) کے لیے تشکیل کردہ خود مختار ادارے نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) کے ذریعے سال میں دو مرتبہ جون اور دسمبر میں منعقد کیا جاتا ہے۔
کن امیدواروں کے لیے ہے؟ قومی سطح پر کسی بھی ڈگری کالج میں بحیثیت اسسٹنٹ پروفیسر ملازمت کے متمنی یا یو جی سی کی اسکیموں کے لیے جونیر ریسرچ فیلوشپ حاصل کرنے یا پھر دونوں کے خواہشمند امیدوار اس امتحان میں شریک ہوسکتے ہیں۔ اہلیت ، رعایت اور مضامین : فی الوقت یہ امتحان ۸۴ (چوراسی) مضامین کے لیے منعقد ہورہا ہے جس کی تفصیل ویب سائٹ www.nta.ac.in پر دستیاب ہے۔ مذکورہ مضامین میں پوسٹ گریجویٹ کامیاب طلبہ جنھوں نے ۵۵ فیصد یا اس سے زائد مارکس حاصل کیے ہیں یا پوسٹ گریجویشن کے آخری سال میں ہوں وہ درخواست دے سکتے ہیں ۔امیدوار صرف انہی مضامین کا انتخاب کرسکتے ہیں جس میں انھوں نے پوسٹ گریجویشن کیا ہے۔ اوبی سی ، ایس سی ، ایس ٹی ، معذور اور ٹرانس جینڈر امیدواروں کو ۵ فیصد مارکس کی رعایت ہوگی یعنی ایسے امیدوار وں کا پوسٹ گریجویشن میں پچاس فیصد مارکس ہوتو وہ بھی درخواست دے سکتے ہیں۔
پی ایچ ڈی ہولڈرس کو رعایت: ایسے امیدوار جن کا پی ایچ ڈی ۱۹؍ستمبر ۱۹۹۱؁ء سے قبل مکمل ہوچکا ہے اگر وہ اس امتحان میں شریک ہونا چاہتے ہیں تو انھیں ۵فیصد کی رعایت ہوگی۔ امتحان کی نوعیت، طریقہ کار ، سینٹرس اور پرچوں کی تفصیل: یہ امتحان کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹ (CBT)ہوگا۔ یعنی امتحان مکمل آن لائن ہوگا جس کے لیے ملک کے مختلف شہروں میں امتحان کے سینٹر س ہوں گے ، شہروں کی تفصیل ویب سائٹ پر موجود ہے۔ دو پرچے ہوں گے جو ملٹیپل چوائس کے سوالات پر مبنی ہوں گے اور دونوں پرچوں ایک ساتھ تین گھنٹے کے دورانیے میں مکمل کرنے ہوں گے۔ پہلا پرچہ ۵۰(پچاس) سوالات پر مشتمل ۱۰۰(سو) مارکس کا ہوگا۔ یہ ٹیچنگ اور ریسرچ اپٹیٹیوٹ کی جانچ کے لیے ہوگا۔ جبکہ دوسرا پرچہ ۱۰۰(سو) سوالات پر مشتمل ۲۰۰(دو سو) مارکس کا ہوگا۔ دوسرا پرچہ امیدوار کے ذریعے منتخب کیے گئے مضمون کا ہوگا جس کے تمام سوالات لازمی ہوں گے۔ اس طرح تین گھنٹے میں ایک سو پچاس سوالات تین سو مارکس کے لیے حل کرنے ہوں گے۔
ٹیسٹ کی مشق (Mock Test) : نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی نے طلبہ کی سہولت کے لیے آن لائن امتحان کی مشق کے لیے موک ٹیسٹ کی سہولت بھی فراہم کی ہے تاکہ طلبہ کو اصل امتحان کا تجربہ مل جائے اور وہ ذہنی طور پر اس کے لیے تیار ہوں۔ موک ٹیسٹ کی مزید تفصیلاتویب سائٹ پر درج ہیں۔فیس: جنرل امیدواروں کو ہزار روپئے ، جنرل (ای ڈپلیو ایس) ، او بی سی (نان کریمی لئیر) امیدواروں کو پانچ سو روپئے جبکہ ایس سی ، ایس ٹی ، معذور اور ٹرانس جینڈر امیدواروں کو دو سو پچاس روپئے فیس بھرنا ہوگی۔ فارم بھرنے کا طریقہ کار: خواہشمند امیدوار ویب سائٹ www.nta.ac.in یا https://ntanet.nic.in پر جائیں ۔ دی گئی لنک پر کلک کریں ۔ امیدواروں کو تین اسٹیپس میں فارم بھرنا ہوگا۔ پہلا مرحلہ رجسٹریشن، فوٹو اور دستخط اپلوڈ کرنا اورامتحان کی فیس ادا کرنا۔ امیدوار New Candidate Registration پر کے باکس میں دی گئی لنک Apply for UGC-NET December-2018 پر کلک کریں۔دی گئی ہدایات بالخصوص فوٹو ، دستخط اور پاس ورڈ سے متعلق کا بغور مطالعہ کریں اور اس کے بعد بھریں۔ فیس آن لائن ، نیٹ بینکنگ، ڈیبٹ کارڈ ، کریڈٹ کارڈ کے ذریعہ ادا کی جاسکتی ہے۔امیدواروں کو امتحان کے مرکز کے طور پر چار شہروں کو منتخب کرنا ہوگا، ایجنسی اس بات کو ترجیح دے گی کہ امیدوار کے قریبی شہر میں امتحان کا سینٹر دیا جائے لیکن انتظامی امور کے تحت دور کا سینٹر بھی دیا جاسکتا ہے۔
پرچہ اول (PAPER I) کی تیاری کیسے کریں؟
نیٹ اور سیٹ امتحان کے دونوں پرچوں میں سے پہلا پرچہ تدریسی و تحقیقی رجحان (Teaching & Research Aptitude) کی جانچ کے لیے ہوتا ہے۔ بنیادی طور پر اسے امیدوار کی توجیہی قابلیت (Reasoning Ability) ، انگریزی فہم و ادراک (Comprehension)،منفرج سوچ (Divergent Thinking) اور عمومی معلومات (General Awareness) کی جانچ کے لیے ترتیب دیا جاتا ہے۔ غلط جواب پر کوئی منفی مارکنگ نہیں ہوتی جبکہ تمام پچاس سوالات لازمی ہوتے ہیں۔ پرچہ اول تدریسی جانچ، تحقیقی جانچ، ادراک،ترسیل، ریاضیاتی توجیہات، منطقی توجیہات، اعداد شمار کا بیان، انفارمیشن و کمیونکیشن ٹیکنالوجی (کمپیوٹر)، عوام و ماحول، اعلیٰ تعلیمی نظام(حکومت، پالیسی اور انتظامیہ ) حصوں پر مشتمل ہوتا ہے۔ بازار میں اس کے لیے خاص کتابیں دستیاب ہیں تمام امیدواروں کو چاہے ان کا دوسرا پرچہ کسی بھی مضمون کا ہو پہلا پرچہ لازمی طور پر یہی ہوتا ہے۔ اس پرچے کی تیاری کے لیے کتابوں کے علاوہ باقاعدہ منصوبہ بندی کی ضرورت ہے جس کے لیے چند اہم نکات درج ذیل ہیں۔
اسٹڈی پلان تیار کریں: پرچہ اول کے تمام سیکشن (حصوں) کے مطالعے کے لیے باقاعدہ ایک ٹائم ٹیبل ترتیب دیں اور ہر دن کا ایک نشانہ مقرر کریں۔نصاب کا مکمل ادراک: یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) نے اپنی ویب سائٹ پر نصاب کی مکمل معلومات فراہم کی ہے امیدوار باریک بینی سے مطالعہ کریں اور اہم اسباق اور تصورات کو سمجھ لیں۔
زیادہ سے زیادہ سوالات حل کرنے کی کوشش کریں: گذشتہ برسوں کے پرچوں میں پوچھے گئے زیادہ سے زیادہ سوالات حل کرنے کی کوشش کریں۔ اس سے آپ کی سوالات حل کرنے کی رفتار میں تیزی اور درستگی آئے گی۔ اپنے کمزور پہلوووں پر محنت کریں: آپ کن شعبوں میں کمزور ہیں مشقی امتحان (Mock Test) اور گزشتہ پرچوں کو حل کرنے سے آپ کو اس کا اندازہ ہوجائے گا۔ ان پر زیادہ محنت کیجیے، بار بار پڑھیے اور زیادہ سے زیادہ وقت دیجیے۔ نظمِ وقت (Time Management): امتحان کے دوران وقت کا خیال رکھنا انتہائی ضروری ہے۔ آپ کو تین گھنٹے میں ایک سو پچاس سوالات حل کرنے ہیں۔ کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹ ہونے کی بناء پر آپ کو صرف صحیح جواب پر نشان لگانا ہوگا۔ آپ جتنی مرتبہ چاہیں اپنے جوابات تبدیل کرسکتے ہیں۔ وقت مکمل ہونے سے قبل آپ ٹیسٹ ختم نہیں کرسکتے۔ مشقی سوالات حل کرنا آپ کو وقت کا بہتر استعمال سکھاتا ہے۔ بہت سے طلبہ سے بات کرنے پر یہ بات سامنے آئی ہے کہ دوسرا پرچہ چونکہ ان کے پوسٹ گریجویشن کے مضمون کا ہوتا ہے اس لیے عموماً اس میں انھیں کم پریشانی ہوتی ہے لیکن پہلا پرچہ بعض امیدواروں کی سمجھ میں بھی نہیں آتا۔ اس کی ایک اہم وجہ ناقص منصوبہ بندی اور لاپروائی ہے۔ پہلے پرچے کی تیاری کسی بھی اہلیتی امتحان کے لیے دستیاب کتاب کی مدد سے کی جا سکتی ہے بالخصوص بی ایڈ اور پی ایچ ڈی کے اہلیتی امتحانوں کے لیے دستیاب کتابیں اہم رول اداکرتی ہیں۔ مزید ویب سائٹ پر موجود مشقی امتحان (Mock Test) کارآمد ثابت ہوتا ہے۔ ایسے تمام امیدوار جو اس امتحان میں کامیابی حاصل کرنا چاہتے ہیں انھیں باقاعدہ منصوبہ بند پڑھائی ، صحیح سمت میں اور مستقل مزاجی کے ساتھ کرنی چاہیے ، کامیابی یقیناً ان کے قدم چومے گی۔

جون2020ء میں منعقد ہونے والے امتحان کا شیڈول
امتحان کا طریقہ: کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹ
رجسٹریشن: ۱۶؍مارچ تا ۱۶؍اپریل۲۰۲۰ء
ایڈمٹ کارڈ: ۱۵؍مئی ۲۰۲۰ء
امتحان کی تاریخیں: ۱۵؍جون تا ۲۰ ؍جون ۲۰۲۰ء
نتائج کا اعلان: ۵؍جولائی۲۰۲۰ء