نقارخانہ عالم میں امن عالم کی اپیل!

(دعوت ویب ڈیسک)
اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیریش نے کووڈ۔19 کی وبا سے نمٹنے کے لیے پوری دنیا کے تمام جنگ زدہ علاقوں میں فوری طور جنگ بندی کی اپیل کی ہےاور کہا ہے کہ کورونا وائرس کا خطرہ ٹلا نہیں اور یہ وباء ابھی تک عروج پر ہےاس لیے سلامتی کونسل کے بشمول پوری دنیا کے ملکوں جنگ بند کر کے اپنی تمام توجہ اور وسائل اس عالمی وباء کے خلاف استعمال کرنا چاہیے۔ انٹونیو گوٹیریش نےپر زور لفظوں میں کہا ہے کہ کورونا دنیا میں تنازعات کے خاتمے کا بہترین موقع ہے مگر بدقسمتی سے ہم اس موقعے سے فائدہ نہیں اٹھا پارہے ہیں۔یہ کسی ایک ملک، قوم یا معاشرے کا نہیں بلکہ پوری دنیا کا مشترکہ چیلنج ہے۔ انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ کیمرون، جمہوریہ وسطی افریقہ، کولمبیا، لیبیا، میانمار، فلپائن، جنوبی سوڈان، سوڈان، شام، یوکرین اور یمن کے اندر برپا تنازعات میں شامل فریقین نے ہماری تجاویز پر رضا مندی تو دی ہے لیکن صرف اعلانات کافی نہیں ہوں گے عملاً جنگ بندی ہونی چاہیے ۔دنیا بھر میں جو لڑائیاں جاری ہیں ان کے پیچھے حکم رانوںکے مفادات اور انسانیت کی قیمت پر ہر حال میں بالادستی حاصل کرنے کی خواہش کارفرما ہے جب کہ کرونا وائرس دنیا کے انانیت پسند حکمرانوں کو جھنجوڑ رہا ہے کہ ظالمو! کمزوروں کو تو بہت آسانی سے دبوچ لیتے ہو ذرا مجھے دبوچ کر دکھانا۔ دنیا کے یہ تنازعات بہت پرانے ہیں جنہیںقوموں کے تہہ در تہہ مفادات نے کافی گنجلک بنادیاہے۔انٹونیو گوٹیریش کی جنگ بندی کی اپیل اور امن عالم کی خواہش یقیناً ساری دنیائے انسانیت کی ضرورت ہے لیکن یہ کام اتنا آسان نہیں ہے ۔متحارب فریقین کے درمیان برسوں کی رقابت ، زبردست بے اعتمادی اور شکوک و شبہات اگر محض ایک اپیل سےختم ہوجائیں تو اس سے بڑا کوئی کرشمہ نہیں ہوسکتا۔