ہنگامہ آرائی کے مجرم گجرات بی جے پی کے ایم ایل اے 6 ماہ کی سزا سنائی گئی، فوراً بعد ضمانت بھی منظور

جام نگر (گجرات)، 14 اکتوبر: گجرات کی ایک عدالت نے 2007 میں جام نگر ضلع کے ایک سرکاری اسپتال میں توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی کے ایک کیس میں بی جے پی کے ممبر اسمبلی راگھا جی پٹیل اور چار دیگر افراد کو چھ ماہ قید کی سزا سنائی ہے۔

معاون سرکاری وکیل رام سنھ بھوریہ نے بتایا کہ جام نگر کے ڈھول میں جوڈیشل مجسٹریٹ فرسٹ کلاس ایچ جے زالا نے منگل کو یہ سزا سنا دی اور بعد میں عدالت نے پانچوں کی ضمانت بھی منظور کر لی۔

عدالت نے منگل کو جام نگر (دیہی) کے ایم ایل اے راگھا جی پٹیل اور چار دیگر افراد کو سرکاری ملازمین پر اور سرکاری املاک پر حملہ اور مجرمانہ طاقت کے استعمال کے کیس میں مجرم قرار دیا تھا۔

سزا کے علاوہ عدالت نے ان میں سے ہر ایک پر دس ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔

پٹیل اس وقت کانگریس کے ایم ایل اے تھے جب یہ واقعہ اگست 2007 میں پیش آیا تھا۔

وہ اور اس کے حامی میمورنڈم جمع کروانے کے لیے جام نگر کے قصبہ ڈھول کے ایک اسپتال گئے اور جبری طور پر ایک ڈاکٹر کے دفتر میں داخل ہوگئے اور وہاں توڑ پھوڑ کی اور اسپتال کی املاک کو نقصان پہنچایا تھا۔

بھوریہ نے کہا کہ اس سے قبل عدالت نے حکمراں جماعت بی جے پی میں شامل ہونے کے بعد پٹیل کے خلاف مقدمہ واپس لینے کے لیے حکومت کی درخواست کو مسترد کردیا تھا۔

پٹیل نے اسی سیٹ سے بی جے پی کے امیدوار کی حیثیت سے 2019 کے ضمنی اسمبلی انتخاب میں حصہ لیا اور کامیابی حاصل کی۔