گجرات فسادات: سپریم کورٹ نے 14 مجرموں کی ضمانت منظور کرتے ہوئے ان سے سماجی خدمات انجام دینے کا مطالبہ کیا

نئی دہلی، جنوری 28: ہندوستان کی سپریم کورٹ نے 2002 میں بنس کانتھا ضلع کے سردار پورہ گاؤں میں ہونے والی ہلاکتوں سے متعلق گجرات فسادات کے ایک معاملے میں منگل کے روز 14 مجرموں کی ضمانت منظور کرلی۔ فرقہ وارانہ تشدد کے دوران سردار پورہ میں 33 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا تھا۔

چیف جسٹس ایس اے بوبڈے کی سربراہی میں بنچ نے مجرموں کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انھیں ضمانت کی مدت کے دوران سماجی خدمات انجام دینے کو کہا۔ ان کا معاملہ اعلی عدالت کے روبرو زیر سماعت ہے۔

تاہم اعلی عدالت نے انھیں گجرات میں داخلے سے روک دیا ہے۔ کچھ مجرموں کو اندور اور کچھ کو جبل پور بھیجا جائے گا۔ بھوپال لیگل سروسز اتھارٹی کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ ان کے لیے روزگار کے اختیارات تجویز کریں۔

سردار پورہ قتل عام کیس میں 73 ملزمان تھے۔ 2011 میں گجرات کے مہسانہ ضلع کی ایک خصوصی فاسٹ ٹریک عدالت نے ان میں سے 42 کو بری کردیا تھا- 11 ملزموں کو قصوروار نہیں قرار دیا اور 31 دیگر افراد کو شک کا فائدہ دیا – اور 31 دیگر کو مجرم قرار دیا۔

سردار پورہ قتل عام کیس گودھرا فساد کے بعد پہلا واقعہ تھا جس کی تحقیقات سپریم کورٹ کے ذریعے مقرر کردہ خصوصی تحقیقی ٹیم (ایس آئی ٹی) نے کی۔

گودھرا ٹرین سانحہ کے بعد ، جس میں 50 سے زیادہ افراد مارے گئے تھے، ایک مہینے تک جاری رہنے والے فسادات میں گجرات میں تقریبا 2،000 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ وزیر اعظم نریندر مودی اس وقت ریاست کے وزیر اعلی تھے۔