پی چدمبرم نے لاک ڈاؤن کے دوران غریبوں کی طرف حکومت کے رویے کی مذمت کی

نئی دہلی، اپریل 8: کانگریس کے سینئر رہنما پی چدمبرم نے بدھ کے روز حکومت پر لاک ڈاؤن کے دوران غریبوں کے ساتھ بدسلوکی اور غفلت برتنے کا رویہ اپنانے کے لیے تنقید کرتے ہوئےغریبوں کو فوری طور پر نقد رقم فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔

انھوں نے ٹویٹس کے ایک سلسلے میں کہا ’’بے روزگاری کی شرح 23 فیصد (سی ایم آئی ای) اور روزانہ اجرت/آمدنی میں انجماد کے ساتھ حکومت کو فوری طور پر غریبوں کے لیے وسائل تلاش کرنے اور غریبوں کونقد رقم دینے کی ضرورت ہے۔‘‘

انھوں نے الزام لگایا ’’حکومت کی بدانتظامی اور بے دردی سے غفلت برتنے سے غریبوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔‘‘

انھوں نے کہا کہ وہ لاک ڈاؤن کی وکالت کرنے والے اولین لوگوں میں شامل ہیں، انھوں نے اس بات پر حکومت کا خیر مقدم بھی کیا کہ مرکزی حکومت ریاستوں سے مشورے کر رہی ہے کہ آیا 14 اپریل کے بعد لاک ڈاؤن کو ختم کیا جانا چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ اس سوال کا جواب ذاتی یا مرکزی مفادات پر مبنی نہیں ہوسکتا ہے۔

چدمبرم نے اس بات کی نشاندہی کی کہ لاک ڈاؤن حکمت عملی میں جو کمی ہے، وہ غریب لوگوں کے ہاتھوں میں نقد رقم نہ دینا رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ غریبوں کے بہت سارے طبقے ایسے ہیں جن کو حکومت کی طرف سے ایک روپیہ بھی نہیں ملا ہے۔