کورونا وائرس: بی ایم سی کا کہنا ہے کہ وائرس ممبئی میں کمیونٹی ٹرانسمیشن کے مرحلے میں داخل

ممبئی، اپریل 8: برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن نے منگل کے روز کہا کہ ممبئی میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ کمیونٹی ٹرانسمیشن کے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ کارپوریشن نے کہا کہ شہر میں سامنے آنے والے تازہ واقعات نہ تو مریضوں کے رابطے ہیں اور نہ ہی ان کی کوئی سفری تاریخ ہے۔

ممبئی میں اب تک 34 افراد کی موت ہوچکی ہے۔ بدھ کی صبح بی ایم سی کے تحت علاقوں میں 44 تازہ کیسز پائے گئے ہیں۔

ممبئی کے جی ساؤتھ وارڈ میں سب سے زیادہ 78 معاملات ہیں۔ زیادہ تر مریض ورلی، پربھادیوی اور لوور پاریل کی ماہی گیر کالونی سے آئے ہیں۔ ممبئی کے ڈی وارڈ، جس کی حدود میں بائیکلا ہے، سب سے زیادہ معاملات میں دوسرے نمبر پر ہے۔

بی ایم سی کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا ’’ہم صحت سے متعلقہ ان کارکنوں اور ڈاکٹروں کے بارے میں زیادہ پریشان ہیں، جن کا کورونا وائرس مثبت ٹیسٹ کیا گیا ہے۔‘‘ ممبئی میں طبی برادری سے تعلق رکھنے والے 50 سے زائد افراد کا وائرس کے لیے مثبت ہونے کا پتہ چلا ہے۔ اس وجہ سے شہر کے مختلف حصوں سے آنے والی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ ہم ان علاقوں کو کلسٹر قرار دے رہے ہیں اور انھیں سیل کر رہے ہیں۔‘‘

منگل کو مہاراشٹر کے وزیر صحت راجیش ٹوپے نے ممبئی کے دھاراوی اور دیگر کچی آبادی کے علاقوں کا دورہ کیا۔ انھوں نے نامہ نگاروں کو بتایا ’’میں نے وینٹیلیٹروں اور جانچ کی تعداد میں اضافہ کرنے کو کہا ہے۔ اس سے مزید کیسوں کا پتہ لگانے میں مدد ملے گی اور اس کے نتیجے میں کورونا وائرس پھیلنے سے بچنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے۔ صورت حال قابو میں ہے۔‘‘ بدھ کے روز دو مزید افراد کی مثبت جانچ کے بعد ممبئی کے دھاراوی کے علاقے میں کورونا وائرس کے معاملات کی تعداد نو ہو گئی ہے۔ نئے معاملات مکند سلم اور دھنواڑہ چول سے موصول ہوئے ہیں۔

مہاراشٹر کے وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے نے ممبئی میں وائرس پر قابو پانے کے بارے میں بی ایم سی کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس شہر میں دنیا بھر کے دیگر بڑے شہروں کے مقابلے میں معاملات کی تعداد کم ہے۔

مرکزی وزارت صحت اور خاندانی بہبود کے مطابق ملک بھر میں اب تک کورونا وائرس کے 5،194 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں 149 اموات اور 352 بازیافت شامل ہیں۔