پرینکا گاندھی نے کیا مظفر نگر کا دورہ، کہا: پولیس نے گھروں اور مدرسے میں گھس کر لوگوں پر تشدد کیا

مظفر نگر، جنوری 04— کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے ہفتہ کے روز مظفر نگر میں مولانا اسد رضا حسینی سے ملاقات کی، جنھیں شہریت ترمیمی قانون مخالف مظاہروں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران پولیس نے مبینہ طور پر بے دردی سے پیٹا تھا۔ ان کے ہمراہ سہارنپور سے پارٹی رہنما عمران مسعود بھی تھے۔

انھوں نے بتایا کہ مولانا حسینی نے انھیں بتایا کہ پولیس نے طالب علموں کو تھانے لے جانے سے پہلے مدرسے میں گھس کر انھیں بے دردی سے مارا، جس کی وجہ سے کچھ کے ہاتھ یا پیر ٹوٹ گئے۔

پرینکا نے مظفر نگر اور میرٹھ میں تشدد سے متاثرہ افراد کے اہل خانہ اور پولیس فائرنگ سے زخمی ہونے والے افراد سے بھی ملاقات کی۔

یہ دوسرا موقع ہے جب وہ ان مقامات کا دورہ کررہی ہیں۔

پرینکا گاندھی نے کہا ’’ہم ایسے تمام لوگوں کی مدد کے لیے حاضر ہیں۔ میں نے اترپردیش کے گورنر کو بھی خط لکھا ہے۔ پولیس نے لوگوں پر بلا اشتعال حملہ کیا۔ ہم ہر اس جگہ پر پہنچنے کی کوشش کریں گے جہاں ناانصافی ہوئی ہے اور متاثرین کی مدد کریں گے۔‘‘