غریبوں کو ڈبل بیڈروم مکانات کی فراہمی سے خوش ہوں: ہریش راو

عوام کی فلاح و بہبود کے سی آر حکومت کی اولین ترجیح، ڈبل بیڈروم مکانات اور کلیان لکشمی کے چیکس کی تقسیم

 

حیدرآباد۔ 15 نومبر: وزیر فائنانس ٹی ہریش راو نے غریب عوام کو ڈبل بیڈروم مکانات کی فراہمی کو اپنے لیے خوش قسمتی سے تعبیر کیا اور کہا کہ غریب خاندانوں میں خوشیاں بکھیرتے ہوئے وہ خوشی محسوس کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مکمل شفافیت کے ساتھ غریبوں کو ڈبل بیڈروم مکانات الاٹ کیے ہیں۔ ہریش راو نے سنگاریڈی ضلع کے پلکل منڈل کے موضع سنگور میں 150 خاندانوں کو ڈبل بیڈروم مکانات عطا کیے۔ اس کے علاوہ 141 افراد کے درمیان کلیان لکشمی اسکیم کے چیکس کی تقسیم عمل میں آئی۔ وزیر فائنانس نے گرام پنچایت کی ترقی کے لیے نئے ٹریکٹرس سرپنچ کے حوالے کیے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہریش راو نے کہا کہ تلنگانہ ریاست عوام کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کے لیے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے ڈبل بیڈروم اسکیم کو متعارف کیا اور حقیقی غریبوں میں مکانات کی تقسیم عمل میں آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کہیں غیر مستحق افراد کو مکانات الاٹ کیے گئے تو حکومت سخت کارروائی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کے لیے ڈبل بیڈروم مکانات، کسانوں کے لیے رئیتو بندھو، رئیتو بیما اور زرعی شعبہ کو 24 گھنٹے مفت برقی سپلائی پر کامیابی سے عمل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ہندوستان کی کسی بھی ریاست میں تلنگانہ کی طرح فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات پر عمل آوری کی مثال پیش نہیں کی جاسکتی۔ ہریش راو نے آب پاشی پراجیکٹس کی تعمیر کا حوالہ دیا اور کہا کہ زرعی شعبہ کو پانی کی قلت سے نجات دلانے کے لیے حکومت نے پراجیکٹس تعمیر کیے ہیں۔ مستقبل میں کالیشورم پراجیکٹ کے ذریعے سنگور کو پانی سے سیراب کیا جائے گا اور 40 ہزار ایکڑ اراضی کو دو فصلوں کے لیے پانی دیا جائے گا۔ رکن اسمبلی کرانتی کرن نے کہا کہ رکن اسمبلی کی حیثیت سے پہلی مرتبہ منتخب ہونے کے بعد غریبوں میں مکانات کی تقسیم پر انہیں خوشی ہے۔ وہ اپنے حلقے کے ہر گاؤں میں بے گھر خاندانوں کو مکانات الاٹ کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ کرانتی کرن نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت ہمیشہ غریبوں کی فلاح و بہبود کی پابند ہے۔