زراعت سے متعلق بلوں کی مخالفت کرنے والے ’’کسان مخالف‘‘ ہیں: یوگی آدتیہ ناتھ

جون پور، ستمبر 27: اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے ہفتے کے روز دعویٰ کیا کہ مرکز کے زراعت سے متعلقہ بلوں کی مخالفت کرنے والے ’’کسان مخالف‘‘ ہیں۔

انھوں نے ایک اسکول آڈیٹوریم میں بی جے پی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کسانوں کی آمدنی کو دوگنا کرنے کا وعدہ کیا تھا اور اسی مقصد کو مدنظر رکھتے ہوئے بل منظور کرائے گئے ہیں۔

اتر پردیش کے وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ قانون سازی کسانوں کو بچولیوں کی گرفت سے آزاد کرائے گی اور انھیں اپنی پسند کے مطابق اپنی پیداوار فروخت کرنے کے مواقع فراہم کرے گی۔

انھوں نے بلوں کی مخالفت کرنے والوں کو ’’کسان مخالف‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حزب اختلاف لوگوں کو گمراہ کررہی ہے لیکن انھیں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

انھوں نے دعوی کیا کہ گذشتہ چھ ماہ میں حکومت نے 12 بار مفت غذائیں تقسیم کی ہیں تاکہ کسی کو بھوک کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ریاست میں آئندہ ضمنی انتخابات کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ یہاں کوئی بڑی ریلیاں یا عوامی جلسے نہیں ہوں گے، لہذا بی جے پی کے ہر کارکن اور عہدہ دار کو ہر بوتھ کی ذمہ داری اٹھانی ہوگی۔