سیرم انسٹی ٹیوٹ کے سی ای او نے پوچھا کہ کیا مرکزی حکومت کے پاس کوویڈ 19 ویکسین کی خریداری اور تقسیم کے لیے 80،000 کروڑ روپیے ہیں؟

ممبئی، ستمبر : سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا (ایس آئی آئی) نے مرکز سے پوچھا ہے کہ کیا ان کے پاس اگلے ایک سال تک آکسفورڈ کوویڈ 19 ویکسین خریدنے اور تقسیم کرنے کے لیے 80،000 کروڑ روپیے ہیں۔

آکسفورڈ یونی ورسٹی اور برطانوی دوا ساز کمپنی آسٹرا زینیکا کے ساتھ ممکنہ کورونا وائرس ویکسین تیار کرنے والے ایس آئی آئی کے سی ای او ادار پونا والا نے ہفتے کو ٹویٹر پر یہ سوال پوچھا کہ ’’فوری سوال: کیا اگلے ایک سال کے دوران ہندوستان کی حکومت کو 80،000 کروڑ روپیے دستیاب ہوں گے؟ کیوں کہ ہندوستان میں ہر ایک کو یہ ویکسین خرید کر تقسیم کرنے کے لیے حکومت ہند کو اس کی ضرورت ہے۔‘‘

انھوں نے کہا کہ ’’میں یہ سوال اس لیے پوچھ رہا ہوں، کیوں کہ ہمیں ہندوستان اور بیرون ملک ویکسین بنانے والوں کو منصوبہ بندی اور رہنمائی کرنے کی ضرورت ہے تاکہ خریداری اور تقسیم کے لحاظ سے ہمارے ملک کی ضروریات کو پورا کرسکیں۔‘‘

وزارت صحت کے مرکزی اہلکار پونا والا کی ٹویٹ سے حیرت زدہ ہوگئے۔ انھوں نے کہا کہ انھیں سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا کی طرف سے بڑے پیمانے پر پیداوار، خریداری اور ویکسین کی تقسیم کے بارے میں کوئی سرکاری تجویز موصول نہیں ہوئی ہے۔

ایکپریس نیوز سروس کے مطابق انھوں نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا ’’ہم اس ٹویٹ سے بھی غافل ہیں۔‘‘

جب ادار پونا والا سے رابطہ کیا گیا تو ان کے دفتر نے عوامی طور پر اس معلومات کی تفصیلات شیئر کرنے سے انکار کر دیا۔