دہلی میں صحافیوں نے مندیپ پنیا کی گرفتاری کے خلاف پولیس ہیڈ کوارٹر کے باہر مظاہرہ کیا

نئی دہلی، جنوری 31: دہلی میں صحافیوں نے آج سہ پہر پٹیل چوک کے علاقے میں نئے پولیس ہیڈ کوارٹر کے سامنے مظاہرہ کیا اور کاروان میگزین کے فری لانسر صحافی اور شراکت دار مندیپ پنیا کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کیا۔

پنیا کو ہفتہ کے روز حراست میں لیا گیا تھا جب وہ سنگھو بارڈر پر جھڑپوں کی کوریج کے لیے کسانوں کے احتجاجی مقام پر موجود تھے۔

پولیس ہیڈ کوارٹر کے باہر جمع ہونے والے مظاہرین نے نعرے لگا کر پنیا کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ پولیس اہلکاروں نے صحافیوں سے جسمانی فاصلے کے اصولوں کو برقرار رکھنے کے لیے کہا۔

دہلی پولیس نے پنیا پر سنگھو میں احتجاجی مقام پر ڈیوٹی پر موجود اسٹیشن ہاؤس افسر کے ساتھ بد سلوکی کرنے کا الزام لگایا ہے۔ آن لائن نیوز انڈیا سے تعلق رکھنے والے ایک اور صحافی دھرمیندر سنگھ کو بھی پولیس نے گرفتار کیا۔

پنیا پر ہندوستانی تعزیراتی ضابطہ کی دفعات 186 (سرکاری ملازم کو عوامی فرائض ادا کرنے سے روکنے)، 353 (کسی سرکاری ملازم کو فرائض سے سرانجام دینے سے روکنے کے لیے حملہ یا مجرمانہ طاقت کے استعمال) اور 332 کے تحت الزام عائد کیا گیا ہے۔ کاروان میگزین کے پولیٹیکل ایڈیٹر ہرتوش سنگھ بال نے ہفتے کے روز کہا تھا کہ وہ ہر ممکنہ قانونی چارہ جوئی کریں گے۔

واضح رہے کہ متعدد ریاستوں نے 26 جنوری کو ٹریکٹر ریلی کے دوران ایک کسان کی موت پولیس کی مبینہ فائرنگ کے نتیجے میں ہونے کی اطلاع دینے والے صحافیوں کے خلاف مقدمات درج کیے ہیں۔

اترپردیش پولیس نے ہفتے کے روز نیوز ویب سائٹ پر شائع ہونے والے ایک آرٹیکل کو ٹویٹ کرنے پر دی وائر کے بانی ایڈیٹر سدھارتھ وردراجن کے خلاف بھی ایف آئی آر درج کی ہے۔ جمعہ کو شائع ہونے والے اس مضمون میں مہلوک نوریت سنگھ کے اہل خانہ کا حوالہ دیا گیا ہے، جنہوں نے دہلی پولیس کے ان دعوؤں کو مسترد کردیا ہے کہ کسان کی موت ٹریکٹر الٹنے کی وجہ سے ہوئی تھی۔ اہل خانہ نے الزام لگایا ہے کہ اس شخص کو گولی ماری گئی ہے۔