یوم جمہوریہ کے موقع پر ترنگے کی توہین سے ملک کو دکھ پہنچا: وزیر اعظم

نئی دہلی، جنوری 31: آج وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ 26 جنوری کو مظاہرین کے ذریعے ’’ترنگا کی توہین‘‘ کرنا افسوس ناک تھا۔

مودی نے اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام ’’من کی بات‘‘ میں کہا ’’23 جنوری کو ہم نے نیتا جی سبھاش چندر بوس کی سالگرہ کو ’’پراکرام دوس‘‘ کے طور پر منایا اور 26 جنوری کو ہم نے یوم جمہوریہ کی ایک شاندار پریڈ بھی دیکھی۔ لیکن اس سب کے درمیان 26 جنوری کو دہلی میں ترنگا کی توہین دیکھ کر ملک کو دکھ ہوا۔‘‘

تاہم حقائق کی جانچ کرنے والی کچھ ویب سائٹوں نے بتایا ہے کہ مظاہرین کے ذریعہ منگل کے روز ترنگا کی توہین نہیں کی گئی تھی۔ مظاہرین میں سے لال قلعے پر چڑھ گیا تھا، جس نے نشان صاحب کا جھنڈا لہرایا تھا، جو سکھوں مذہبی جھنڈا ہے۔

مزید وضاحت کے بغیر وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں شہریوں پر زور دیا کہ وہ ’’مستقبل کو نئی امید اور نئے پن سے پُر کریں۔‘‘

انھوں نے کورونا وائرس کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ’’ہم نے پچھلے سال غیر معمولی تحمل اور ہمت کا مظاہرہ کیا۔ اس سال بھی ہمیں سخت محنت کرکے اپنے عزم کو ثابت کرنا ہوگا۔‘‘

اپنے ریڈیو خطاب کے دوران مودی نے زرعی قوانین پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت کاشتکاری کو جدید بنانے کے لیے پرعزم ہے اور اس کے لیے اقدامات کررہی ہے۔