جموں و کشمیر: شاہ فیصل کی نظربندی میں مزید تین ماہ کی توسیع

سرینگر، مئی 14: پی ٹی آئی کے مطابق جموں و کشمیر انتظامیہ نے بدھ کے روز عوامی تحفظ ایکٹ کے تحت بیوروکریٹ سے سیاست دان بنے شاہ فیصل کی نظربندی کی مدت میں تین ماہ کی توسیع کردی۔ فیصل، جن پر پی ایس اے کے تحت 15 فروری کو مقدمہ درج کیا گیا تھا، قانون کے تحت تین ماہ کی نظربندی مکمل کرنے ہی والے تھے کہ یہ نئی توسیع کی گئی۔

ایک نامعلوم عہدیدار نے خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ بدھ کو ان کی نظربندی کی مدت کے اختتام پذیر ہونے سے چند گھنٹے قبل ہی فیصل کی نظربندی میں توسیع کی گئی۔

حکومتی کاغذات کے مطابق ان پر اپنے سوشل میڈیا پوسٹوں اور مضامین کے ذریعے ’’نرم علاحدگی پسندی‘‘ کی حمایت کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

فی الحال وہ سرینگر کے ایم ایل اے ہاسٹل میں نظربند ہیں۔

اس سے قبل 5 مئی کو جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلی محبوبہ مفتی کی پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت نظربندی میں بھی مزید تین ماہ کی توسیع کی گئی تھی۔ حالاں کہ سابق وزرائے اعلیٰ فاروق عبد اللہ اور عمر عبداللہ کو، کہ یہ بھی حراست میں لیے گئے تھے، مارچ میں رہا کیا گیا تھا۔