جموں و کشمیر: راجوری میں فوجی افسر نے اپنے ساتھیوں پر گولی چلائی، 5 زخمی

نئی دہلی، اکتوبر 6: جمعرات کو ایک فوجی افسر نے مبینہ طور پر جموں و کشمیر کے راجوری ضلع میں ایک کیمپ کے اندر اپنے ساتھیوں اور ماتحتوں پر گولی چلائی اور گرینیڈ پھینکا، جس سے پانچ اہلکار زخمی ہو گئے۔

افسر نے، جسے میجر کے عہدے کا بتایا جاتا ہے، تھانہ منڈی کے قریب نیلی پوسٹ پر شوٹنگ پریکٹس سیشن کے دوران فائرنگ کی اور پھر یونٹ کے آرمری میں پناہ لی۔ اسے تقریباً آٹھ گھنٹے بعد قابو میں لیا گیا۔ زخمی ہونے والوں میں تین اہلکار بھی شامل ہیں۔

پی ٹی آئی نے رپورٹ کیا کہ یونٹ کے سیکنڈ اِن کمانڈ کی حالت نازک ہے، جس کے قریب میجر کے ذریعے پھینکا گیا گرینیڈ پھٹ گیا تھا۔

جموں میں تعلقات عامہ کے افسر (برائے دفاع) لیفٹیننٹ کرنل سنیل بارٹوال نے واضح کیا کہ یہ دہشت گردانہ حملہ نہیں تھا۔ انھوں نے کہا ’’میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ کوئی دہشت گردانہ حملہ نہیں ہوا، یہ بدقسمتی سے کیمپ کا ایک اندرونی واقعہ ہے۔‘‘

یہ واقعہ پنجاب کے بٹھنڈہ ملٹری اسٹیشن پر وہیں کے ایک اہلکار کے حملے میں چار فوجیوں کی ہلاکت کے پانچ ماہ بعد پیش آیا ہے۔