اگلے 2 ماہ کے لیے 8 کروڑ تارکین وطن مزدوروں کو مفت اناج فراہم کیا جائے گا: نرملا سیتارمن

نئی دہلی، مئی 14: وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے آج تارکین وطن مزدوروں، گلی فروشوں، تاجروں، خود روزگار افراد اور چھوٹے کسانوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے 20 لاکھ کروڑ روپے کے معاشی محرک پیکج کی دوسری قسط کا اعلان کیا۔ وزیر نے تمام تارکین وطن کو مفت اناج کی فراہمی کا اعلان کیا، ان کو بھی جو نان کارڈ ہولڈر ہیں، جس پر اگلے دو ماہ تک مرکز کے ذریعہ 3500 کروڑ روپیے خرچ ہوں گے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ کم سے کم 8 کروڑ تارکین وطن مزدوروں کو 5 کلو چاول یا گندم اور 1 کلو چنا یا دال کا مفت اناج دیا جائے گا، ان تمام تارکین وطن کو بھی جو فوڈ سیکیورٹی ایکٹ کے تحت نہیں آتے ہیں۔

سیتارمن نے کہا ’’اگلے 2 ماہ تک تمام تارکین وطن کو مفت اناج کی فراہمی۔ کارڈ نہ رکھنے والوں کے لیے بھی، انھیں فی شخص 5 کلو گندم یا چاول اور فی خاندان/ایک مہینہ 1 کلو چنا 2 مہینے تک دیے جائیں گے۔ مرکز کے ذریعے اس پر خرچ ہونے والے 3500 کروڑ روپیوں سے تقریباً 8 کروڑ تارکین وطن مزدوروں کو فائدہ ہوگا۔‘‘

مرکزی وزارت خزانہ کے اعلانات کا یہ دوسرا مرحلہ ہے جو مرکز کے 20 لاکھ کروڑ روپے کے معاشی محرک پیکج کے بارے میں تفصیل بیان کرتا ہے۔

ایک روز قبل سیتارمن نے کہا تھا کہ اگلے کچھ دنوں میں وزارت خزانہ وزیر اعظم نریندر مودی کے وژن کو آگے بڑھانے کے لیے روزانہ میڈیا بریفنگ دے گا اور معاشی پیکیج کے بارے میں مزید تفصیلات شیئر کرے گا، جس کا مقصد ملک بھر میں 51 دن سے بند چل رہی صنعت کو بحال کرنا ہے۔