بی جے پی اور آر ایس ایس فرقہ وارانہ سیاست کے کھیل میں ناکام ہوجائیں گے: فاروق عبداللہ

سرینگر، ستمبر 9: نیشنل کانفرنس (این سی) کے صدر فاروق عبد اللہ نے منگل کو بی جے پی اور آر ایس ایس پر فرقہ وارانہ سیاست کے ’’کھیل‘‘ میں ملوث ہونے کا الزام لگایا۔

فاروق عبداللہ نے کہا ’’اگر آج کوئی فرقہ وارانہ سیاست کا کھیل کھیل رہا ہے تو وہ بی جے پی اور آر ایس ایس ہے۔ ہم نے کبھی یہ کھیل نہیں کھیلا۔ وہ کھیل رہے ہیں اور وہ اس کھیل میں ڈوب جائیں گے۔‘‘

انھوں نے ان خیالات کا اظہار اپنے والد اور نیشنل کانفرنس کے بانی شیخ محمد عبد اللہ کی 38 ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے منعقدہ ایک تقریب کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا۔

معلوم ہو کہ بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری رام مادھو نے کہا تھا کہ ’’گپکر اعلامیہ میں شامل رہنما ایک بار پھر اسلام کے نام پر خطرناک کھیل کھیل رہے ہیں۔‘‘ گپکر اعلامیہ نیشنل کانفرنس اور کانگریس سمیت چھ سیاسی پارٹیوں کا اتحاد ہے جو دفعہ 370 کی منسوخی کے خلاف ہیں۔

عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ہمیشہ کردار میں سیکولر ہی رہی ہے۔ انھوں نے کہا ’’نیشنل کانفرنس نے کبھی بھی مذہب کے نام پر سیاست نہیں کی۔ کبھی نہیں۔ یہ ہماری تاریخ ہے۔ شیر کشمیر (شیخ عبداللہ) کا نعرہ کیا تھا؟ انھوں نے کہا تھا کہ ہندوؤں، مسلمانوں اور سکھوں میں اتحاد ہے۔ اور انھوں نے مسلم کانفرنس کو نیشنل کانفرنس میں تبدیل کردیا کیوں کہ وہ جانتے تھے کہ اس میں سبھی شامل ہیں۔‘‘