مرکزی حکومت ہندوستان میں روسی کوویڈ 19 ویکسین کے تیسرے مرحلے کی آزمائش پر غور کر رہی ہے: نیتی آیوگ ممبر

نئی دہلی، ستمبر 9: ہندوستانی حکومت، روسی حکومت کی طرف سے ہندوستان میں اس کے کوویڈ 19 ویکسین ’’سپوتنک وی‘‘ کے تیسرے مرحلے کے ٹرائلز منعقد کرنے اور ہندوستانی دوا ساز کمپنیوں کے ذریعے اس کی بڑے پیمانے پر تیاری کے لیے درخواست پر غور کر رہی ہے۔

نیتی آیوگ کے ہیلتھ ممبر ڈاکٹر وی کے پال نے کہا کہ ’’ہندوستانی حکومت اپنے ایک خاص دوست کی شراکت کی اس پیش کش کو بہت اہمیت دیتی ہے اور دونوں ہی طرف اس پر اہم بات چیت ہو رہی ہے۔‘‘

واضح رہے کہ پچھلے مہینے روس نے ابتدائی مرحلے کی انسانی آزمائش مکمل کرنے کے بعد ماسکو کے جیمیلیا انسٹی ٹیوٹ کے ذریعے تیار کردہ ویکسین کو رجسٹر کیا تھا۔

گذشتہ ہفتے دی لانسیٹ میں شائع ہونے والے مرحلہ 1 اور 2 ٹرائلز کے نتائج میں کہا گیا تھا کہ اس ویکسین کو تمام رضا کاروں نے برداشت کیا تھا اور اس سے اینٹی باڈی کا اچھا ردعمل بھی پیدا ہوا تھا۔

ڈاکٹر پال نے یہ بھی کہا کہ اب تک تین ہندوستانی کمپنیوں نے روسی ویکسین کی بڑے پیمانے پر تیاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے اور دوسروں کے ساتھ بھی بات چیت جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق ابتدائی کلینیکل ٹرائلز کے نتائج کا مطالعہ بھی ہندوستانی ریگولیٹرز کے ذریعے کیا جا رہا ہے۔

ہندوستان میں اس وقت تین ویکسینوں کے کلینیکل ٹرائلز جاری ہیں، جن میں ایک برطانیہ کی آکسفورڈ یونی ورسٹی نے تیار کی ہے۔