اوڈیشہ میں سیلاب کی وجہ سے مکانات گرنے اور ڈوبنے کے باعث اب تک 12 افراد ہلاک

اوڈیشہ، اگست 29: اے این آئی کے مطابق اوڈیشہ کے خصوصی ریلیف کمشنر پردیپ کمار جینا نے جمعہ کے روز کہا کہ پانچ اضلاع میں موسلا دھار بارش اور سیلاب کے نتیجے میں مزید پانچ اموات کے ساتھ ریاست میں اب سیلاب سے ہونے والی اموات کی تعداد 12 ہو گئی ہے۔

جینا نے کہا ’’اوڈیشہ میں بارگڑھ، نوپاڑا، جج پور، بالیسور اور بھدرک میں مکانات گرنے اور ڈوبنے کے سبب مجموعی طور پر مزید پانچ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔‘‘

انھوں نے مزید کہا ’’اس سے پہلے میوربھنج، کیونجھر اور سندر گڑھ میں سات افراد کی موت ہوگئی تھی اور بارگڑھ اور میور گنج میں دو افراد لاپتہ ہو گئے تھے۔‘‘

اوڈیشہ حکومت نے نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس، اوڈیشہ ڈیزاسٹر ریپڈ ایکشن فورس اور فائرس سروس کی 39 ٹیموں کو 11 اضلاع میں تعینات کیا ہے۔ ریاستی حکومت نے بتایا کہ این ڈی آر ایف کی پانچ مزید ٹیمیں ہفتے کے روز بھی تعینات کی جائیں گی۔

اوڈیشہ انتظامیہ نے سیلاب کے پانی کو خارج کرنے کے لیے جمعہ کی شب 9 بجے تک ہیراکوڈ ڈیم کے 64 میں سے 40 دروازوں کو کھول دیا تھا۔ حکام اب تک 25 لاکھ کیوسک سے زیادہ پانی خارج کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

اوڈیشہ ٹیلی ویژن نے جمعہ کو رپوٹ کیا کہ سیلاب سے اب تک 4 لاکھ سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ اوڈیشہ حکومت کے اندازے کے مطابق 552 دیہاتوں میں 2،757 مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ 18،500 سے زیادہ افراد کو عارضی پناہ گاہوں میں منتقل کیا گیا ہے۔