آسام سیلاب: 1.9 لاکھ سے زیادہ لوگ متاثر، مہلوکین کی تعداد 15 تک پہنچی

نئی دہلی، اگست 29: ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے پیر کو کہا کہ آسام میں سیلاب نے 17 اضلاع کے 1.90 لاکھ سے زیادہ باشندوں کو بری طرح متاثر کیا ہے۔

آسام میں ایک 67 سالہ شخص اس وقت ڈوب گیا جب وہ ضلع شیوساگر میں مچھلیاں پکڑ رہا تھا، جہاں دریائے برہم پترا کے پانی نے کئی دیہات کو ڈبا دیا ہے۔ آسام اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بتایا کہ اس سال کے سیلاب میں تازہ ترین اموات کی تعداد 15 ہوگئی ہے۔

پیر کو ریاست میں برہم پترا، بیکی، جیا بھرالی، ڈسانگ، ڈیکھو اور سبانسیری ندیاں خطرے کی سطح سے اوپر بہہ رہی تھیں اور ریاست کے کچھ حصوں میں شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

برہم پترا ندی پر فیری خدمات، گوہاٹی میں اور نیم گھاٹ اور ماجولی میں اس کی سطح میں اضافے کی وجہ سے معطل کردی گئی ہیں۔

محکمہ موسمیات نے منگل کو کہا کہ آسام کے کچھ حصوں میں 31 اگست سے 2 ستمبر تک بھاری بارش ہونے کا امکان ہے۔

بلیٹن میں کہا گیا کہ لکھیم پور ضلع سب سے زیادہ متاثرہ ضلع ہے جہاں 47,338 لوگوں کو روزمرہ کی زندگی میں خلل کا سامنا کرنا پڑا ہے، اس کے بعد دھیماجی 40,997 متاثرہ آبادی کے ساتھ ہے۔ کم از کم 427 افراد دو ریلیف کیمپوں میں پناہ لیے ہوئے ہیں، جب کہ 45 امدادی تقسیم کے مراکز کام کر رہے ہیں۔