اس سال حج کے لیے نہیں جا سکیں گے عازمین، مکمل رقم کی جائے گی واپس: مختار عباس نقوی

نئی دہلی، جون 23: سعودی عرب کے اس اعلان کے ایک دن بعد کہ ’’انتہائی محدود تعداد میں‘‘ لوگوں کو اس سال حج کی اجازت دی جائے گی، حکومت نے منگل کو عازمین کے ذریعے جمع کی گئی رقم بغیر کسی کٹوتی کے واپس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے کہا ’’ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہندوستان سے حج 2020 کے لیے کسی بھی عازم کو سعودی عرب نہیں بھیجا جائے گا۔ 2.3 لاکھ سے زیادہ عازمین کی درخواست کی رقم براہ راست منتقلی کے ذریعے منسوخی کی کٹوتیوں کے بغیر واپس کردی جائے گی۔‘‘

واضح رہے کہ سعودی عرب نے پیر کے روز اعلان کیا ہے کہ اس سال صرف ’’انتہائی محدود تعداد‘‘ میں لوگوں کو ہی حج کی اجازت ہوگی۔ مملکت نے کہا کہ ملک میں پہلے سے ہی مقیم مختلف ملکوں کے افراد کو ہی حج کی اجازت دی جائے گی۔ تاہم عرب حکومت نے یہ واضح نہیں کیا کہ کتنے لوگوں کو حصہ لینے کی اجازت ہوگی۔

ایک بیان میں کہا گیا ہے ’’یہ فیصلہ صحت عامہ کے نقطۂ نظر سے ایک محفوظ طریقے سے حج کی انجام دہی کو یقینی بنانے کے لیے لیا گیا ہے۔‘‘

سعودی عرب نے ملک کے قیام کے تقریباً 90 سالوں کے دوران کبھی بھی حج کو منسوخ نہیں کیا تھا۔