دہلی ہائی کورٹ نے جامعہ کی طالبہ صفورا زرگر کی ضمانت منظور کی

نئی دہلی، جون 23: دہلی ہائی کورٹ نے آج جامعہ کی طالبہ صفورا زرگر کی ضمانت منظور کر لی، جو حاملہ ہیں اور جنھیں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج کے دوران شمال مشرقی دہلی میں فرقہ وارانہ تشدد سے متعلق ایک کیس میں انسداد دہشت گردی قانون یو اے پی اے کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔

سالیسیٹر جنرل تشار مہتا نے انسانیت کی بنیاد پر ضمانت کی مخالفت نہیں کی۔

سماعت کے آغاز میں دہلی پولیس کی نمائندگی کرنے والے مہتا نے کہا کہ زرگر کو انسانی بنیادوں پر باقاعدہ ضمانت پر رہا کیا جاسکتا ہے۔

ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے سماعت کرنے والے جسٹس راجیو شکدھر نے زرگر کو، جو 23 ہفتے کی حاملہ ہیں، 10 ہزار روپے کے ذاتی مچلکے اور اتنے ہی رقم کی ضمانت پر رہا کر دیا۔

عدالت نے کہا کہ وہ ایسی کسی بھی سرگرمی میں ملوث نہیں ہوں گی جس کے لیے ان پر فرد جرم عائد کی گئی ہے اور وہ تحقیقات میں رکاوٹ نہیں پیدا کریں گی اور نہ ہی گواہوں کو متاثر کریں گی۔