اترپردیش: بی ایس پی ایم پی افضل انصاری کو 2007 کے گینگسٹرس ایکٹ کیس میں چار سال قید کی سزا

نئی دہلی، اپریل 29: اتر پردیش کی ایک عدالت نے ہفتہ کو بہوجن سماج پارٹی کے رکن پارلیمنٹ افضل انصاری اور ان کے بھائی مختار انصاری کو 2007 میں دائر ایک کیس میں مجرم قرار دیا۔

یہ مقدمہ غازی پور ضلع کے محمد آباد کوتوالی پولیس اسٹیشن میں اتر پردیش گینگسٹرس اینڈ اینٹی سوشل ایکٹیویٹیز (روک تھام) ایکٹ کے تحت درج کیا گیا تھا۔

ایڈیشنل سیشن جج نے گینگسٹر سے سیاست دان بننے والے مختار انصاری کو دس سال قید کی سزا سنائی اور افضل انصاری کو چار سال قید کی سزا سنائی۔ عدالت نے مختار انصاری پر 5 لاکھ اور افضل انصاری پر ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔

اس فیصلے سے افضل انصاری کو لوک سبھا کے رکن کے طور پر نااہل قرار دیا جا سکتا ہے۔ عوامی نمائندگی ایکٹ کے سیکشن 8(3) کے مطابق دو سال یا اس سے زیادہ قید کی سزا پانے والے قانون ساز کو سزا کی تاریخ سے چھ سال کی مدت پوری ہونے تک نااہل قرار دیا جا سکتا ہے۔

یہ پہلا معاملہ ہے جس میں بہوجن سماج پارٹی کے لیڈر کو سزا سنائی گئی ہے۔

ہفتہ کو انصاری بھائیوں کے وکیل لیاقت علی نے کہا کہ وہ اس سزا کے خلاف اپیل دائر کریں گے۔

مختار انصاری اس وقت باندہ ڈسٹرکٹ جیل میں بند ہیں۔ عدالت کے حکم کے بعد افضل انصاری کو بھی پولیس نے ہفتے کے روز اپنی تحویل میں لے لیا۔