اترپردیش بی جے پی انچارج نے آدتیہ ناتھ یوگی اور مودی کے درمیان اختلاف اور کابینہ میں ردوبدل کی اطلاعات کو مسترد کیا

اترپردیش، جون 7: دی انڈین ایکسپریس کے مطابق اترپردیش کے بھارتیہ جنتا پارٹی کے انچارج رادھا موہن سنگھ نے اتوار کے روز وزیر اعلی آدتیہ ناتھ اور وزیر اعظم نریندر مودی کے مابین پھوٹ پڑ جانے کی خبروں کو مسترد کردیا۔

سنگھ نے کابینہ میں ردوبدل یا وزیر اعلی کی تبدیلی کے دعووں کی بھی تردید کی۔ انھوں نے کہا کہ آدتیہ ناتھ ’’یوپی میں مودی کے خوابوں کو پورا کرنے کے لیے سب سے زیادہ قابل شخص ہیں۔‘‘

موہن سنگھ نے اعتراف کیا کہ اتر پردیش کی کابینہ میں خالی آسامیاں موجود تھیں لیکن انھوں نے مزید کہا کہ آدتیہ ناتھ کو حق تھا کہ جب وہ چاہیں ان کو پُر کریں۔

سنگھ نے دعوی کیا ’’بی جے پی کی یوپی یونٹ ملک میں سب سے مضبوط ہے اور اتر پردیش کی حکومت سب سے زیادہ مقبول ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ پارٹی یا کابینہ میں ممکنہ تبدیلیوں سے متعلق اطلاعات محض ایک ’’خیالی باتیں‘‘ تھیں۔

موہن سنگھ نے کہا کہ اب توسیع نہیں ہونے والی ہے۔ ہر ایک کی توجہ ضلع پنچایت چیئرپرسن کے انتخاب پر مرکوز ہے۔ جب یہ ہوگا، تب ہی معلوم ہوجائے گا۔

سنگھ نے اتوار کے اوائل میں لکھنؤ کے راج بھون میں گورنر آنندی بین پٹیل سے مل کر ان افواہوں کو ہوا دی تھی کہ اتر پردیش حکومت میں تبدیلیاں آسکتی ہیں۔ لیکن انھوں نے دعوی کیا کہ ان کا یہ دورہ بس یوں ہی تھا۔ سنگھ نے اتوار کے روز ریاستی بی جے پی کے سربراہ سوتنترا دیو سنگھ اور اسمبلی کے اسپیکر ہریدے نارائن دکشت سے بھی ملاقات کی تھی۔

بی جے پی کی سینئر قیادت نے حال ہی میں ریاست کے رہنماؤں سے بھی ملاقات کی تھی تاکہ اگلے سال ریاست میں اسمبلی انتخابات سے قبل کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا جاسکے۔