دہلی کے کچھ اسپتال میں صرف چند گھنٹوں کے لیے ہی آکسیجن بچی ہے: کیجریوال

نئی دہلی، 20 اپریل: وزیر اعلی اروند کیجریوال نے آج مرکز سے دہلی کو میڈیکل آکسیجن مہیا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ دہلی کے کچھ اسپتالوں میں آکسیجن چند گھنٹوں میں ہی ختم ہوجائے گا۔

اس قبل اتوار کے روز انھوں نے کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے آکسیجن کی کمی کو ایک ’’ایمرجنسی‘‘ قرار دیا تھا۔

کیجریوال نے مرکزی وزیر تجارت و صنعت پیوش گوئل کو بھی خط لکھا اور اس معاملے میں مداخلت کی درخواست کی۔

وزیر اعلی نے ٹویٹ کیا ’’دہلی میں آکسیجن کا سنگین بحران برقرار ہے۔ میں ایک بار پھر مرکز سے فوری طور پر دہلی کو آکسیجن فراہم کرنے کی درخواست کرتا ہوں۔ کچھ اسپتالوں میں صرف چند گھنٹوں کی ضرورت کے لیے ہی آکسیجن باقی رہ گئی ہے۔‘‘

اس سے قبل دہلی حکومت نے پیر کو ایک 24 رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی، تاکہ کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کے لیے آکسیجن کے ’’عقلی‘‘ استعمال کو یقینی بنایا جاسکے۔

محکمۂ صحت کے جاری کردہ ایک آرڈر میں کہا گیا ہے کہ ’’آکسیجن آڈٹ کمیٹی‘‘ بے کار استعمال کے علاقوں کی نشان دہی کرے گی۔

اس میں کہا گیا ہے کہ آکسیجن کی کھپت میں سنجیدہ مریضوں کی ایک بڑی تعداد کے داخلے کے ساتھ ہی ایسے لوگوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جنھیں آکسیجن کی مدد کی ضرورت ہوتی ہے۔

معلوم ہو کہ ملک کی کئی دیگر ریاستیں بھی آکسیجن کی کمی کا شکار ہیں، کیوں کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر نے مریضوں کی تعداد میں بڑا اضافہ کیا ہے۔