نازیوں کی طرح آر ایس ایس کے ذریعے رام مندر کے لیے عطیات دینے والوں اور نہ دینے والوں کے مکانات کو نشان زد کیا جارہا ہے: ایچ ڈی کمار سوامی

بنگلور، فروری 16: کرناٹک کے سابق وزیر اعلی ایچ ڈی کمارسوامی نے پیر کو آر ایس ایس پر ایودھیا میں رام مندر کے لیے چندہ دینے والوں کے مکانات کی نشان دہی کرنے کا الزام عائد کیا اور الزام لگایا کہ یہ جرمنی میں نازیوں کے گئی حرکت کے جیسا ہے۔ تاہم آر ایس ایس نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ تبصرے کسی بھی ردعمل کے اہل نہیں ہیں۔

جے ڈی (ایس) لیڈر کمار سوامی نے ٹویٹس کے ایک سلسلے میں دعویٰ کیا کہ آر ایس ایس تقریباً اسی وقت انڈیا میں تشکیل پایا تھا، جب جرمنی میں نازی پارٹی کی تشکیل ہوئی تھی۔

کمارسوامی نے دعویٰ کیا کہ ’’ایسا معلوم ہوتا ہے کہ رام مندر کی تعمیر کے لیے چندہ اکٹھا کرنے والے علاحدہ علاحدہ ان لوگوں کے گھروں کو نشان زد کر رہے ہیں، جنھوں نے پیسے دیے ہیں اور جنھوں نے نہیں دیے ہیں۔‘‘

مسٹر کمارسوامی نے مزید کہا کہ ’’ہٹلر کی حکومت کے دوران جرمنی میں نازیوں نے بھی ایسا ہی کیا تھا جب لاکھوں افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔‘‘

انھوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پیشرفت ملک کو کہاں لے جائے گی۔

مورخین کے حوالے سے مسٹر کمارسوامی نے دعوی کیا کہ آر ایس ایس نے اسی وقت جنم لیا جب جرمنی میں نازی پارٹی کی بنیاد رکھی گئی تھی۔

سابق وزیراعلیٰ نے الزام لگایا کہ ’’اگر آر ایس ایس نازیوں کے ذریعہ اپنائی گئی اسی طرح کی پالیسیاں نافذ کرنے کی کوشش کرے گی تو پھر کیا ہوگا؟ اب ملک میں لوگوں کے بنیادی حقوق چھینے جا رہے ہیں۔‘‘

انھوں نے دعوی کیا کہ ملک میں ایک غیر اعلانیہ ایمرجنسی ہے کیونکہ لوگ آزادانہ طور پر اپنے خیالات کا اظہار نہیں کرسکتے ہیں۔

آنے والے دنوں میں میڈیا کی آزادی کے بارے میں بھی خدشات کا اظہار کرتے ہوئے جے ڈی (ایس) لیڈر نے کہا کہ اگر میڈیا حکومت کی طرف داری کرتا رہا تو کیا ہوگا؟

سابق وزیر اعلی نے کہا ’’ابھرتے ہوئے رجحانات سے یہ واضح ہے کہ ملک میں کچھ بھی ہوسکتا ہے۔‘‘

این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطابق آر ایس ایس کے میڈیا انچارج ایس پردیپ نے اس کے جواب میں کہا ہے کہ ’’کمارسوامی کے تبصرے کسی بھی ردعمل کے اہل نہیں ہیں۔‘‘