گلیشیر ٹوٹنےسے اتراکھنڈ میں آیا سیلاب، 100 سے زیادہ افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ

اتراکھنڈ، فروری 7: اتراکھنڈ کے چمولی ضلع میں جوشی مٹھ میں ایک گلیشیر کے ٹوٹ جانے کے نتیجے میں ماحولیاتی طور پر نازک ہمالیہ کے بالائی علاقوں میں بڑے پیمانے پر سیلاب آگیا۔ اتراکھنڈ کے چیف سکریٹری اوم پرکاش نے اے این آئی کو بتایا کہ اس سیلاب کی وجہ سے 100 سے 150 افراد کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔

یہ سیلاب دھولی گنگا اور الکنندا ندیوں کے ساتھ واقع ہوا ہے۔ ایک عینی شاہد نے بتایا کہ اس نے دریا میں برفانی تودے کے گرنے کے ساتھ ہی مٹی، دھول اور پانی کی دیوار دیکھی۔ رینی گاؤں کے بالائی علاقوں پر رہنے والے سنجے سنگھ رانا نے ریوٹرز کو بتایا ’’یہ بہت تیزی سے آیا، کسی کو آگاہ کرنے کا وقت نہیں تھا۔ مجھے یہاں تک لگا کہ ہم بھی بہہ جائیں گے۔‘‘

اس سیلاب سے رشی گنگا پاور پراجیکٹ کو نقصان پہنچا ہے اور اتراکھنڈ کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس اشوک کمار نے بتایا کہ تپوا-رینی میں بھی پاور پراجیکٹ مکمل طور پر بہہ گیا ہے۔

کمار نے کہا ’’اب صورت حال قابو میں ہے۔ سری نگر میں ایک ڈیم ہے اور اس نے بہاؤ پر قابو پا لیا ہے۔ پاور پروجیکٹ کو نقصان پہنچا ہے۔‘‘

ریاستی پولیس چیف نے کہا کہ پاور پلانٹ اور اس کے آس پاس کام کرنے والے افراد لاپتہ افراد میں شامل ہیں۔

اتراکھنڈ کے وزیر اعلی تریویندر سنگھ راوت نے کہا کہ پولیس، فوج اور ہند تبتی بارڈر پولیس کے ساتھ ساتھ قومی اور ریاستی ڈیزاسٹر فور کی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں جو ’’متاثرہ مقامات پر کارکنوں کی جانیں بچانے کے لیے پوری کوشش کر رہی ہیں۔‘‘

آئی ٹی بی پی کے ترجمان ویوک کمار پانڈے نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ اب تک تین لاشیں ملی ہیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ بارڈر روڈس آرگنائزیشن میں سے کم سے کم تین پلوں کے گرنے کی وجہ سے سیلاب نے کچھ سرحدی چوکیوں کے ساتھ رابطے پر ’’مکمل طور پر پابندی‘‘ پیدا کردی ہے۔

دریں اثنا وزیر اعظم نریندر مودی نے، جو آسام اور مغربی بنگال کے دورے پر ہیں، کہا کہ وہ اس صورت حال کی مستقل نگرانی کر رہے ہیں۔ انھوں نے ٹویٹ کیا ’’ہندوستان اتراکھنڈ کے ساتھ کھڑا ہے اور پورا ملک وہاں سب کی حفاظت کے لیے دعا کررہا ہے۔‘‘

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بھی کہا کہ انھوں نے وزیر اعلی سے بات کی ہے اور صورت حال کی مستقل نگرانی کی جارہی ہے۔

وزیر خزانہ نرملا سیتارامن نے یقین دلایا کہ اتراکھنڈ حکومت کو تمام ضروری امداد فراہم کی جائے گی۔

اس دوران اتراکھنڈ کے وزیر اعلی نے ٹویٹ کرکے ہیلپ لائن نمبر بتائے۔ انھوں نے کہا ’’اگر آپ متاثرہ علاقے میں پھنسے ہوئے ہیں، اگر آپ کو کسی قسم کی مدد کی ضرورت ہو تو براہ کرم ڈیزاسٹر آپریشن سینٹر نمبر 1070 یا 9557444486 پر رابطہ کریں۔‘‘

این ڈی ٹی وی کے مطابق بہاو کی زد میں آنے والے اضلاع کے لیے الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ رودر پریاگ، رشی کیش اور ہریدوار کے رہائشیوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ندی کے کنارے نہ جائیں۔