اڈیشہ کے وزیر صحت نابا داس نے پولیس اہلکار کے ذریعے گولی مارے جانے کے چند گھنٹے بعد دم توڑا

نئی دہلی، جنوری 29: پی ٹی آئی کی خبر کے مطابق اڈیشہ کے وزیر صحت نابا داس اتوار کو جھارسوگوڈا ضلع کے براجا راج نگر میں ایک پولیس اہلکار کے ذریعے گولی مارے جانے کے سبب شدید زخمی ہونے کے چند گھنٹے بعد فوت ہوگئے۔ اے این آئی کی خبر کے مطابق انھیں علاج کے لیے بھونیشور کے اپولو اسپتال لے جایا گیا تھا۔

اسپتال نے ایک بیان میں کہا ’’زخموں کا علاج کیا گیا اور دل کی پمپنگ کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے گئے۔ انھیں فوری طور پر ICU میں داخل کیا گیا۔ لیکن پوری کوشش کے باوجود وہ زندہ نہ رہ سکے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔‘‘

فائرنگ کرنے والے کی شناخت اسسٹنٹ سب انسپکٹر گوپال داس کے طور پر ہوئی ہے۔

حملے کے فوراً بعد گوپال داس کو موقع پر موجود رہائشیوں نے پکڑ لیا اور پولیس کے حوالے کر دیا۔

ایک نامعلوم پولیس افسر نے ٹائمز آف انڈیا کو بتایا کہ نابا داس کو اس وقت قریب سے گولی ماری گئی جب وہ اپنی کار سے باہر نکل کر براجا راج نگر میونسپلٹی کے دفتر کی دو نئی عمارتوں کا افتتاح کر رہے تھے۔

ایک عینی شاہد نے اے این آئی کو بتایا کہ ایک بھیڑ نابا داس کا استقبال کر رہی تھی، جب اچانک گولی چلنے کی آواز آئی۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے ایک پولیس اہلکار کو قریب سے گولی چلانے کے بعد بھاگتے ہوئے دیکھا۔

دریں اثنا وزیر اعلی نوین پٹنائک نے کہا کہ وہ اس حملے کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ پٹنائک کے دفتر نے ٹویٹ کیا ’’کرائم برانچ کو تحقیقات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ کرائم برانچ کے سینئر افسران کو موقع پر جانے کو کہا گیا ہے۔‘‘

بیجو جنتا دل کے سربراہ نے اپولو اسپتال کا دورہ بھی کیا اور محکمۂ صحت کے سکریٹری اور دیگر عہدیداروں سے بات چیت کی۔