بھیم آرمی کے سربراہ چندر شیکھر آزاد پر یوپی کے سہارنپور میں گولی چلائی گئی

نئی دہلی، جون 28: اتر پردیش کے سہارنپور میں بدھ کو نامعلوم افراد کی طرف سے گولی چلائے جانے کے بعد بھیم آرمی کے سربراہ چندر شیکھر آزاد کو گولی سے معمولی زخم آیا ہے۔

آزاد دہلی سے سہارنپور جا رہے تھے جب ان کی گاڑی پر دو گولیاں چلائی گئیں۔ پہلی گولی درواز سے گزرت کر آزاد کی کمر کو ہلکا سا زخمی کرتی ہوئی گاڑی کی سیٹ میں گھس گئی، جب کہ دوسری گولی پچھلے دروازے پر لگی۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس وپن ٹاڈا نے اے این آئی کو بتایا ’’چندر شیکھر آزاد کے قافلے پر چند کار سوار مسلح افراد نے فائرنگ کی تھی۔ ایک گولی اس کے پاس سے گزری۔ وہ بالکل ٹھیک ہے اور اسے طبی علاج کے لیے CHC [کمیونٹی ہیلتھ سینٹر] لے جایا گیا ہے۔ پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔‘‘

آزاد نے اے این آئی کو بتایا کہ اس وقت ان کے چھوٹے بھائی سمیت پانچ افراد کار کے اندر موجود تھے جب ان پر حملہ کیا گیا۔

وہیں آزاد کی پارٹی نے ایک بیان میں کہا ’’بھیم آرمی چیف اور قومی صدر بھائی چندر شیکھر آزاد پر سہارنپور کے دیوبند میں مہلک حملہ بہوجن مشن تحریک کو روکنے کی بزدلانہ کارروائی ہے۔‘‘

تنظیم نے مطالبہ کیا کہ ملزمان کو گرفتار کرکے آزاد کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے سخت کارروائی کی جائے۔