این سی ای آر ٹی نے اپنی نصابی کتاب سے جموں و کشمیر کے ہندوستان کے ساتھ الحاق کے حوالہ جات کو بھی ہٹایا

نئی دہلی، اپریل 15: این سی ای آر ٹی نے کلاس 11 کی سیاسیات کی نصابی کتاب میں سے اس پیراگراف کو بھی ہٹا دیا ہے جس میں 1947 میں جموں و کشمیر کے یونین آف انڈیا سے الحاق سے متعلق حالات پر گفتگو کی گئی تھی۔

نصابی کتاب کے پہلے ورژن میں یہ کہا گیا تھا کہ جموں و کشمیر کا یونین آف انڈیا سے الحاق اس شرط پر کیا گیا تھا کہ اس کی خودمختاری کو ہندوستانی آئین کی دفعہ 370 کے تحت محفوظ رکھا جائے گا۔

این سی ای آر ٹی کی کلاس 11 کی پولیٹیکل سائنس کی نصابی کتاب کے حال ہی میں نظرثانی شدہ 10ویں باب، جس کا عنوان ’’آئین کا فلسفہ‘‘ ہے، میں مخصوص شرائط کے تحت جموں و کشمیر کے یونین آف انڈیا سے الحاق کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا ہے۔ مزید برآں نصابی کتاب کے مصنفین نے کتاب کے پہلے باب سے مولانا ابوالکلام آزاد کا حوالہ بھی ختم کر دیا ہے۔

این سی ای آر ٹی نے کہا ہے کہ حالیہ 2022-23 ریشنلائزیشن کے عمل کے نتیجے میں کلاس 11 کی نصابی کتاب میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ تاہم یہ نوٹ کیا گیا ہے کہ مولانا عبدالکلام آزاد کے حوالہ جات کو حالیہ ریشنلائزیشن کے عمل سے پہلے ہٹا دیا گیا تھا۔