گوا میں تارک وطن مزدور 90 فیصد جرائم کرتے ہیں، وزیر اعلیٰ پرومود ساونت نے کیا دعویٰ

نئی دہلی، مئی 2: گوا کے وزیر اعلیٰ پرمود ساونت نے پیر کو دعویٰ کیا کہ ریاست میں 90 فیصد جرائم مہاجر مزدوروں کے ذریعے کیے جاتے ہیں۔

ساونت نے پیر کے روز پنجم میں مزدوروں کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’’گوا میں کام کرنے والے ہر تارک وطن مزدور کا لیبر کارڈ ہونا چاہیے…یہاں جرم کرنے کے بعد مہاجر مزدور اپنی ریاست کو لوٹ جاتے ہیں اور انھیں پکڑنا مشکل ہو جاتا ہے۔ اگر ہم تناسب کو دیکھیں تو گوا میں تقریباً 90 فیصد جرائم مہاجر مزدوروں کے ذریعے کیے جاتے ہیں۔ چاہے وہ بہار سے ہوں، اتر پردیش سے یا دوسرے علاقوں سے۔‘‘

ساونت نے مزید کہا کہ ریاستی حکومت نے تمام مزدوروں کو شناختی کارڈ جاری کرنے کو یقینی بنانے کے لیے دو غیر سرکاری تنظیموں کو جوڑ دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کارڈ کے لیے مزدوروں کے اندراج کی سہولت جلد ہی آن لائن دستیاب کرائی جائے گی۔

ساونت نے کہا کہ ایک بار جب مہاجر مزدور ریاستی محکمۂ محنت کے ساتھ رجسٹرڈ ہو جائیں گے، تو حکومت کے پاس ان کے پتوں کا ڈیٹا بیس ہوگا، جو پولیس کو تفتیش میں مدد کرے گا۔