گجرات ہائی کورٹ نے ہتک عزت کیس میں راہل گاندھی کو عبوری تحفظ دینے سے انکار کر دیا

نئی دہلی، مئی 2: گجرات ہائی کورٹ نے منگل کو کانگریس لیڈر راہل گاندھی کو مودی سرنیم کے بارے میں تبصرے کے لیے ان کے خلاف مجرمانہ ہتک عزت کے مقدمے میں عبوری تحفظ دینے سے انکار کر دیا۔

گاندھی نے 15 اپریل کو ہتک عزت کیس میں سزا کے حکم پر روک لگانے کے لیے ہائی کورٹ کا رخ کیا تھا۔

منگل کو جسٹس ہیمنت پراچھک نے کہا کہ وہ ہائی کورٹ کی گرمیوں کی تعطیلات کے بعد روک لگانے کی درخواست پر فیصلہ سنائیں گے۔ جس کے بعد سینئر وکیل ابھیشیک منو سنگھوی نے، جو گاندھی کی طرف سے پیش ہوئے، جج سے کہا کہ وہ اس درمیانی وقت کے لیے عبوری تحفظ فراہم کریں۔

تاہم ہائی کورٹ نے کہا کہ وہ حکم لکھنے کے لیے چھٹی کے وقت کا استعمال کرے گی۔ تعطیلات 5 مئی سے شروع ہوں گی اور عدالت 5 جون کو دوبارہ کھلے گی۔

دریں اثنا پراچھک نے ٹرائل کورٹ کو اصل ریکارڈ اور کیس کی کارروائی پیش کرنے کا حکم دیا۔

راہل گاندھی کے خلاف مقدمہ بھارتیہ جنتا پارٹی لیڈر اور سورت ویسٹ کے ایم ایل اے پرنیش مودی نے 2019 کے لوک سبھا انتخابات سے قبل کرناٹک کے کولار میں ایک ریلی میں کیے گئے ان کے تبصروں کے خلاف دائر کیا تھا۔

23 مارچ کو گجرات کی ایک عدالت نے گاندھی کو ان تبصروں کے لیے دو سال قید کی سزا سنائی، جس کی وجہ سے ایک دن بعد انھیں لوک سبھا کے رکن کے طور پر نااہل قرار دیا گیا۔

اس کے بعد گاندھی نے سورت کی ایک سیشن عدالت کا رخ کیا لیکن اس نے سزا کو چیلنج کرنے والی ان کی درخواست کو خارج کر دیا۔ ایڈیشنل سیشن جج رابن موگیرا نے کہا تھا کہ ایک رکن پارلیمنٹ اور ملک کی دوسری سب سے بڑی سیاسی جماعت کے سابق صدر کی حیثیت سے انھیں اپنے الفاظ کے استعمال میں زیادہ محتاط رہنا چاہیے تھا۔