ملازمت اور روزگار کے مسئلے سے پریشان نوجوانوں کیلئے سماجی تنظیموں نے بڑھائے قدم

قومی راجدھانی خطہ دہلی کے نوئیڈا میں میگا جاب فیئر کا انعقاد،15سے زائد کمپنیوں کی شرکت،ہزاروں نوجوان مستفید

نئی دہلی،13مارچ :۔
سماج اور معاشرے میں سر گرم رفاہی اور ملی تنظیمیں اب فلاحی امور کے علاوہ ملک اور ملت کے خاص طور پر نوجوانوں کے ایک اہم مسئلے کے حل کی طرف بھی قدم بڑھا رہی ہیں جس کا اثر سماج میں بڑے پیمانے پر نظر بھی آ رہا ہے ۔وہ اہم اور بنیادی مسئلہ ہے روزگار اور ملازمت ۔آج تعلیم یافتہ اورنیم تعلیم یافتہ تمام نوجوان روزگار اور ملازمت کے لئے فیکٹریوں اور کمپنیوں میں در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔اس اہم مسئلے کو دیکھتے ہوئے کچھ تنظیموں نے ملک کی مختلف ریاستوں میں بڑے پیمانے پر روزگار میلے کا انعقاد شروع کیا ہے ۔اسی سلسلے میں گزشتہ روز قومی راجدھانی خطہ دہلی کے نوئیڈا میں ایک میگا جاب فیئر کا انعقاد کیا گیا ۔
اطلاع کے مطابق اتر پردیش کے گوتم بدھ نگر (نوئیڈا) کے سیکٹر 19 میں واقع کمیونٹی سینٹر میں 12 مارچ بروز اتوار جاب فیئر کا انعقاد کیا گیا جس میں صبح سے ہی بڑی تعداد میں نوجوانوں نے شرکت کی ۔جاب فیئر کا انعقاد مختلف تنظیموں نے مل کر مشترکہ طور پر کیا تھا۔جس میں اے ایم پی،، خادمِ انسانیت فاؤنڈیشن،سیفی، ویلج کیئر اورآرڈبلیو اے سیکٹر 19 نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔جاب فیئر کا افتتاح معروف آئی اے ایس (ریٹائرڈ) تنویر ظفر علی کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ تنویر ظفر علی اس جاب میلے کے انعقاد پر متنظمین کو مبارکباد دی اور انہوں نے ہر جگہ اس طرح کے پروگرام منعقد کرنے پر زور دیا۔ ملک سے بے روزگاری کے خاتمے اور منتظمین کو ہر ممکن خدمات فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔


اس جاب فیئر کے آرگنائزر اور اے ایم پی کے ذمہ دار فاروق صدیقی نے بتایا کہ ان کی تنظیم گزشتہ 15 سالوں سے ملک اور سماجی بہتری کے لیے کام کر رہی ہے اور تعلیم اور روزگار کے شعبے میں خصوصی طور پر کام کر رہی ہے۔ جس میں اس قسم کا خصوصی جاب فیئر شامل ہیں جس سے اب تک لاکھوں نوجوان فائدہ اٹھا چکے ہیں۔فاروق صدیقی نے اس جاب فیئر کو کامیاب بنانے پر سب کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس میلے میں 15 کمپنیوں نے حصہ لیا جن میں 1000 سے زائد ملازمتیں تھیں جو کہ ریٹیل، آئی ٹی، اسکل ٹریننگ، بینکنگ، انشورنس صنعت سے متعلق تھیں۔
فاروق صدیقی نے کہا کہ اس وقت ملک سے بے روزگاری کو ختم کرنا سب کی ذمہ داری ہے اور اس سمت میں سب کو تعاون کرنا چاہئے۔
دیگر آرگنائزر اور سوشیو اکنامک امپاورمنٹ فاونڈیشن آف انڈیا (سیفی) کے چیئرمین مرزا مبین بیگ نے بتایا کہ اس جاب فیئر میں نہ صرف نوئیڈا، دہلی بلکہ اتر پردیش، ہریانہ، راجستھان کے دور دراز کے اضلاع کے نوجوانوں نے حصہ لیا اور نوکری حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے اس کامیاب ایونٹ پر اپنی ٹیم کے ساتھ ساتھی تنظیموں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی تنظیم مستقبل میں بھی اس طرح کی تقریبات کا انعقاد کرتی رہے گی ۔

سیکٹر 19 نوئیڈا آر ڈبلیو اے کے جنرل سکریٹری روہت سریواستو نے کہا کہ وہ اور ان کی ایسوسی ایشن اس تقریب میں شرکت کر کے بہت فخر محسوس کر رہے ہیں اور مستقبل میں بھی ملک اور سماج کے مفاد میں اس طرح کے جاب فیئرز کا انعقاد جاری رکھے گی، تاکہ اور زیادہ سے زیادہ لوگ مستفید ہو سکیں اور روزگار حاصل کرسکیں ۔ولیج کیئر فاونڈیشن کی مسز وملیش شرما نے کہا کہ وہ بے روزگاری کے خلاف کسی بھی تنظیم کے ساتھ کام کرنے کے لیے ہمیشہ تیار ہیں اور وہ این جی او کنیکٹ کے پلیٹ فارم میں شامل ہو کر کام کرتی رہیں گی۔
خادمِ انسانیت فاونڈیشن کی جنرل سیکرٹری مسز عائشہ نے کہا کہ ان کی تنظیم اقوام متحدہ کے ایس ڈی جی مشن پر کام کر رہی ہے اور پچھلے کئی سالوں سے نوجوانوں اور بے روزگاروں کو غربت کے اندھیروں سے نکالنے اور ملازمتیں فراہم کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔ اور معاشرے کے بے روزگاروں کو نوکریاں فراہم کرنے کی کوششوں میں حصہ لے رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی تنظیم خادم انسانیت فاونڈیشن جلد ہی ایک اور جاب فیئر کا انعقاد کرنے جارہی ہے جس میں کئی ملکی اور غیر ملکی کمپنیاں شرکت کریں گی۔
واضح رہے کہ ایسو سی ایشن آف مسلم پروفیشنلز( اے ایم پی ) نے گزشتہ روز لکھنؤ میں این جی او کانفرنس کا انعقاد کر کے زمینی سطح پر تمام این جی او کومتحدہ طور پر کام کرنے کا روڈ میپ تیار کیا تھا ،جس میں معاشرے کے مختلف گوشوں میں سر گرم تنظیموں اور این جی اوز نے حصہ لیا تھا اور سماج اور ملک و ملت کے مفاد میں مل کر کام کرنے کا عہد کیا تھا۔