منی پور تشدد: ہائی کورٹ کے پاس درج فہرست قبائل کی فہرست میں تبدیلی کی درخواست کرنے کا اختیار نہیں، سپریم کورٹ نے کہا

نئی دہلی، مئی 9: چیف جسٹس آف انڈیا ڈی وائی چندرچوڑ نے پیر کو زبانی طور پر کہا کہ منی پور ہائی کورٹ کے پاس ریاستی حکومت کو یہ ہدایت دینے کا اختیار نہیں ہے کہ وہ کسی کمیونٹی کو شیڈول ٹرائب کے طور پر نامزد کرنے پر غور کرے۔

19 اپریل کو ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس ایم وی مرلی دھرن نے بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت سے کہا تھا کہ وہ ریاست کی اکثریتی مائتی کمیونٹی کی درخواستوں پر غور کرے تاکہ انھیں شیڈول ٹرائب کے زمرے میں شامل کیا جائے اور اس معاملے پر ’’جلد فیصلہ کیا جائے‘‘۔

اس حکم نے شمال مشرقی ریاست میں مائتی کمیونٹی اور پہاڑی قبائل کے درمیان پرانے تنازعے کو تازہ کر دیا۔

مائتی کمیونٹی کے ارکان، جو ریاست کی آبادی کا 60 فیصد ہیں، زیادہ تر امپھال وادی میں مرکوز ہیں۔ کمیونٹی کا دعویٰ ہے کہ اسے میانمار اور بنگلہ دیشی شہریوں کی بڑے پیمانے پر غیر قانونی امیگریشن کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے۔ قانون کے مطابق مائتیوں کو ریاست کے پہاڑی علاقوں میں آباد ہونے کی اجازت نہیں ہے۔

دوسری طرف، کچھ قبائلی برادریوں کو خدشہ ہے کہ اگر مائتیوں کو شیڈولڈ ٹرائب کا درجہ دیا گیا تو مائتی ان کی زمین پر قبضہ کر لیں گے۔

مائتیوں کے مطالبے کی مخالفت کے لیے 3 مئی کو نکالی گئی ایک ریلی تشدد کی شکل اختیار کر گئی اور ریاست بھر میں 65 افراد ہلاک اور کئی ہزار پناہ گزین کیمپوں میں منتقل ہونے پر مجبور ہوئے۔

پیر کو چیف جسٹس چندرچوڑ کی سربراہی والی بنچ نے مشاہدہ کیا کہ سپریم کورٹ کے کئی احکامات ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ ہائی کورٹ کو درج فہرست قبائل کی فہرست میں تبدیلی کی ہدایت کرنے کا اختیار نہیں ہے۔ چیف جسٹس نے منی پور ہائی کورٹ کے سامنے درخواست گزار کی نمائندگی کرنے والے سنجے ہیگڑے سے کہا ’’یہ صدارتی اختیار ہے۔‘‘

ان کے یہ کہنے کے بعد، کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے کہا ’’سی جے آئی نے جو کہا ہے اس کی روشنی میں، یہ حیران کن ہے کہ منی پور ہائی کورٹ کے ایک جج نے کیا کیا، اس طرح کے انسانی المیے کو جنم دیا۔‘‘

انھوں نے مزید کہا کہ مرکز منی پور میں تشدد کی اپنی ذمہ داری سے نہیں بچ سکتا۔

سپریم کورٹ دو درخواستوں پر سماعت کر رہی ہے، ایک حکمراں بی جے پی کے ایم ایل اے کی طرف سے، جس میں ہائی کورٹ کے حکم کو چیلنج کیا گیا ہے، اور دوسری دہلی کے منی پور ٹرائبل فورم کی طرف سے، جس میں گذشتہ ہفتے ریاست کو ہلا کر رکھ دینے والے تشدد کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم سے انکوائری کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

بنچ جس میں جسٹس پی ایس نرسمہا اور جے بی پاردی والا بھی شامل ہیں، جنھوں نے تشدد میں جان و مال کے نقصان پر تشویش کا اظہار کیا۔ ججوں نے مرکز اور منی پور حکومت کو ہدایت دی کہ وہ بے گھر افراد کو بنیادی سہولیات، خوراک اور ادویات فراہم کرنے کے لیے ریلیف کیمپوں میں انتظامات کریں۔

عدالت نے مرکز اور ریاستی حکومت کو 17 مئی کو ہونے والی سماعت کی اگلی تاریخ سے پہلے اسٹیٹس رپورٹ داخل کرنے کی ہدایت دی۔