مدھیہ پردیش: کھرگون میں بس کے ایک پل سے گرنے کے سبب 23 افراد ہلاک

نئی دہلی، مئی 9: مدھیہ پردیش کے کھرگون ضلع میں منگل کو ایک بس کے پل سے گرنے کے سبب 23 افراد کی موت ہو گئی اور 30 سے زیادہ زخمی ہو گئے۔

انسپکٹر جنرل (دیہی) راکیش گپتا نے بتایا کہ زخمیوں میں سے 20 افراد کا علاج کھرگون میں کیا جا رہا ہے اور 11 کو اندور ریفر کیا گیا ہے۔

گپتا نے اے این آئی کو بتایا ’’فی الحال ڈرائیور کا بھی علاج کیا جا رہا ہے اور جب ہم نے اس سے بات کی، تو وہ جو ہوا اس کے بارے میں مختلف باتیں کر رہا ہے۔ تفتیش جاری ہے۔‘‘

ریاست کے وزیر داخلہ نروتم مشرا نے بتایا کہ یہ واقعہ صبح 8.40 بجے ڈونگرگاؤں کے قریب پیش آیا۔ انھوں نے کہا کہ بس دسنگا پل کی ریلنگ توڑ کر بوراڈ ندی کے خشک حصے میں گر گئی۔

ریاستی حکومت نے مرنے والوں کے لواحقین کو فی کس چار لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ شدید زخمی ہونے والوں کو 50،000 روپے دیے جائیں گے جب کہ معمولی زخمیوں کو 25،000 روپے دیے جائیں گے۔

مشرا نے کہا کہ زخمیوں کے علاج کے اخراجات ریاستی حکومت برداشت کرے گی۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے مرنے والوں کے لواحقین کو وزیر اعظم کے قومی ریلیف فنڈ سے 2 لاکھ روپے کی ایکس گریشیا ادائیگی کا بھی اعلان کیا۔ مرکز زخمیوں کو 50,000 روپے بھی ادا کرے گا۔

حادثے کی مجسٹریل انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے۔