’’یہ ایک عبوری رپورٹ ہے، آکسیجن کی ضرورت دن بدن بدلتی رہتی ہے‘‘:دہلی میں ضرورت سے زیادہ آکسیجن کے تنازعہ کے درمیان ایمس کے سربراہ گلیریا کا بیان

نئی دہلی، جون 26: اپنی سربراہی میں سپریم کورٹ کے مقرر کردہ پینل کی جانب سے دہلی کی آکسیجن کی ضروریات سے متعلق ایک رپورٹ پر تنازعہ کے درمیان ایمس کے ڈائریکٹر رندیپ گلیریا نے آج کہا کہ یہ ایک عبوری رپورٹ ہے اور آکسیجن کی ضرورت ہر روز بدلتی رہتی ہے۔

معلوم ہو کہ گلیریا کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے مقرر کردہ پینل نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ کووڈ کی دوسری لہر کے دوران دہلی میں آکسیجن کی ضرورت کو چار گنا ’’بڑھا کر پیش کیا گیا۔‘‘

آج ایمس کے سربراہ نے پی ٹی آئی کو بتایا ’’یہ ایک عبوری رپورٹ ہے۔ آکسیجن کی ضرورت متحرک ہے اور روز بروز بدلتی رہتی ہے۔ یہ معاملہ ابھی زیر سماعت ہے۔‘‘

سپریم کورٹ کے مقرر کردہ پینل کی رپورٹ کے بعد بی جے پی نے جمعہ کے روز اروند کیجریوال پر ’’مجرمانہ غفلت‘‘ کا الزام عائد کیا۔

وہیں آج کیجریوال نے اس تنازعے سے آگے بڑھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ کووڈ کی متوقع تیسری لہر میں آکسیجن کی کمی نہ ہونے کو یقینی بنانے کے لیے سب کو مل کر کام کرنا چاہیے۔

کیجریوال نے ہندی میں ایک ٹویٹ میں کہا ’’کیا ہم آگے کام کر سکتے ہیں اگر آکسیجن کے خلاف آپ کی لڑائی ختم ہوچکی ہو؟ آئیے ہم مل کر ایک ایسا نظام بنائیں تاکہ کسی کو بھی تیسری لہر میں آکسیجن کی کمی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔‘‘

کیجریوال نے مزید کہا ’’دوسری لہر میں آکسیجن کی شدید قلت تھی۔ تیسری لہر میں ایسا نہیں ہونا چاہیے۔ اگر ہم ایک دوسرے سے لڑیں گے تو کورونا جیت جائے گا۔ اگر ہم مل کر لڑیں گے تو قوم جیت جائے گی۔‘‘