’’اگر پاکستان ملک پر حملہ کرتا ہے تو کیا ریاستیں اپنا دفاع خود کریں گی؟‘‘: دہلی کے وزیر اعلی نے مرکزی حکومت کے کوویڈ ویکسینیشن منصوبے پر اٹھائے سوال

نئی دہلی، مئی 26: دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے آج کہا کہ ہندوستان کوویڈ 19 کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے اور یہ ایسا وقت نہیں ہے کہ مرکزی حکومت ریاستوں کو اپنے لیے خود مالی امداد فراہم کرنے کے لیے کہے۔

وزیر اعلیٰ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب قومی دارالحکومت اور متعدد دیگر ریاستیں ویکسین کی شدید قلت کے سبب اپنے رہائشیوں کو ٹیکے لگانے کے لیے جدوجہد کر رہی ہیں۔

انھوں نے ایک ورچوئل بریفنگ کے دوران کہا ’’ایسی جنگ کے دوران جیسے کہ کوویڈ 19 کے خلاف، ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ ریاستی حکومتوں کو اپنی ضروریات کا خیال رکھنا چاہیے۔ اگر پاکستان کل بھارت پر حملہ کرتا ہے تو کیا ریاستوں کو اپنا دفاع خود کرنے کے لیے چھوڑ دیا جائے گا؟ اترپردیش کو جنگ کے لیے اپنے ٹینک خریدنے چاہئیں؟ دہلی کو اپنے ہتھیار خریدنے چاہئیں؟ حکومت اس طرح کام نہیں کرتی۔ ہندوستان کوویڈ 19 کے خلاف یہ جنگ نہیں ہار سکتا اور کسی بھی حکومت کو یہ جنگ نہیں ہارنی چاہیے۔‘‘

کیجریوال نے کہا کہ اگر مرکزی حکومت وبائی مرض کے خلاف جنگ ہار گئی تو یہ مرکز میں برسر اقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیے ہی نقصان نہیں بلکہ پورے ہندوستان کے لیے نقصان دہ ہوگا۔ انھوں نے مزید کہا ’’اگر دہلی حکومت اس بیماری کے خلاف جنگ ہار گئی تو یہ عام آدمی پارٹی کے لیے نقصان دہ نہیں ہوگا، بلکہ یہ ہندوستان کی شکست ہوگی … اب وقت آگیا ہے کہ ہندوستان ایک یونٹ کے طور پر کام کرے۔‘‘

دہلی کے وزیر اعلی نے کہا کہ یہ وقت ریاستی حکومتوں کا ایک دوسرے کے خلاف مقابلہ کرنے کا نہیں۔ یہ وہ وقت ہے جب ملک کی تمام 36 ریاستوں اور مرکزی علاقوں کو اکٹھا ہوکر ’’ٹیم انڈیا‘‘ کی حیثیت سے کام کرنا چاہیے۔

کیجریوال نے کہا کہ دوسری لہر مارچ میں شروع ہوئی تھی اور ’’تب ہی ہمیں دنیا بھر سے ویکسین لانی چاہیے تھی اور لوگوں کو ٹیکہ لگایا جانا چاہیے تھا، تاہم مرکز نے ریاستوں کو خود ویکسین حاصل کرنے پر زور دیا۔‘‘

دہلی کے وزیر اعلی نے کہا ’’مجھے بتایا گیا ہے کہ ابھی تک کوئی بھی ریاست اپنے طور پر ایک ویکسین کا ایک شاٹ بھی حاصل نہیں کر سکی ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ دوا ساز کمپنیوں نے ریاستوں کے ساتھ رابطے کرنے سے انکار کردیا ہے۔

دہلی میں گذشتہ روز 1،491 کورونا وائرس کیس رپورٹ ہوئے اور 130 اموات ہوئیں۔