جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بلا روک ٹوک جاری ہیں، دہلی ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس کی سربراہی والی فورم نے اپنی رپورٹ میں کہا

نئی دہلی، اگست 9: ایک فورم نے پیر کو جاری کردہ اپنی رپورٹ میں کہا کہ 5 اگست 2019 کو مرکز کی جانب سے آئین کی دفعہ 370 کے تحت خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کے بعد اسے دو مرکزی زیر انتظام علاقوں میں تقسیم کیے جانے کے بعد سے ہی سابقہ ​​ریاست جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

رپورٹ ’’مرکز کے زیر انتظام علاقے کے طور پر تین سال: جموں اور کشمیر میں انسانی حقوق‘‘ کے عنوان سے،جموں اور کشمیر میں انسانی حقوق کے فورم کی طرف سے پیش کی گئی ہے۔ یہ ایک آزاد ادارہ ہے، جس کی صدارت دہلی ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس اے پی شاہ اور سابق مرکزی داخلہ سکریٹری گوپال پلئی کر رہے تھے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ’’4 اگست 2019 کو یا اس کے بعد حفاظتی حراست میں لیے گئے سیاسی نظربندوں کی بڑی تعداد زیر سماعت قیدیوں کے طور پر جیل میں رہتی ہے۔ پولیس اہلکاروں یا مسلح افواج کے ذریعہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی کوئی جامع سرکاری تحقیقات یا جائزہ نہیں لیا گیا ہے۔‘‘

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر میں عسکریت پسندی کی وجہ سے شہری ہلاکتیں غیر معمولی حد تک زیادہ ہوئی ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے ’’فورم کی آخری رپورٹ [2021 میں] کی اشاعت کے بعد سے عسکریت پسند، وادی میں مقامی منتخب نمائندوں، مہاجر کارکنوں اور ہندوؤں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ ان حملوں کی پیش گوئی کرنا مشکل ہے اور ان حملوں نے خوف اور بدامنی کا ماحول پیدا کر دیا ہے۔ کمزور گروہوں کے لیے حفاظتی انتظامات اب تک ناکافی ثابت ہوئے ہیں۔‘‘

جنوری سے لے کر اب تک کشمیر میں کم از کم 20 ٹارگٹ کلنگ کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، جن کے متاثرین میں پولیس اہلکار، اساتذہ اور گاؤں کے سربراہان شامل ہیں۔

ان میں سے 13 شہری تھے، چھ ہندو اور سات کشمیری مسلمان۔ ان میں سے بہت سے لوگوں کو ان کے گھروں یا کام کی جگہوں پر گولی مار دی گئی۔

اس فورم نے، جس میں سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جسٹس روما پال اور مدن لوکور، سابق خارجہ سکریٹری نروپما راؤ اور لیفٹیننٹ جنرل ایچ ایس پناگ (ریٹائرڈ) بھی شامل ہیں، مرکز کے زیر انتظام علاقے میں انسداد دہشت گردی کے قوانین کے استعمال پر بھی بات کی۔

اپنی رپورٹ میں اس نے کہا کہ انسداد دہشت گردی اور بغاوت کے قوانین کو رہائشیوں، سیاسی رہنماؤں اور صحافیوں کے خلاف مسلسل غیر متناسب طریقے سے استعمال کیا جا رہا ہے۔

ممبران نے اپنی 34 صفحات پر مشتمل رپورٹ میں کہا کہ ’’پولیس کی ہراسانی، ڈرانے دھمکانے اور من مانی حراست کے ذریعے آزادی صحافت پر سخت پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ صحافی اور حزب اختلاف کے رہنما طویل عرصے تک حراست میں رہتے ہیں کیوں کہ یونین ٹیریٹری انتظامیہ ان کی ضمانت کی کمزور بنیادوں پر مخالفت کرتی ہے۔‘‘

رپورٹ میں وادی میں کشمیری پنڈتوں پر ہونے والے حالیہ حملوں کو بھی نشان زد کیا گیا ہے۔

باڈی نے کہا کہ یہ تناؤ جزوی طور پر ’دی کشمیر فائلز‘ فلم کے ذریعے فروغ پانے والے ’’پولرائزیشن اور خوف پھیلانے‘‘ کی وجہ سے ہوا ہے۔

ممبران نے رپورٹ میں کہا ’’ملک میں دوسری جگہوں پر بڑھتی ہوئی فرقہ واریت بھی عسکریت پسندوں کی طرف سے انتقامی کارروائیوں کے خطرے کو بڑھاتی ہے اور وادی میں رہنے والے کشمیری پنڈتوں کی پہلے سے کمزور کمیونٹی کی سلامتی کو مزید خطرے میں ڈالتی ہے۔‘‘

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’حالیہ حملوں نے مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے ٹرانزٹ کیمپوں میں سخت حفاظتی انتظامات میں رہنے والے کشمیری پنڈتوں کی بدحالی کو بڑھایا ہے۔ اپنی قید کی وجہ سے کشمیری پنڈت اپنی ملازمتیں جاری رکھنے سے قاصر رہے ہیں اور بچے کلاسوں اور امتحانات میں شرکت کرنے سے قاصر ہیں۔‘‘

اپنی رپورٹ میں جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کے فورم نے یونین ٹیریٹری میں اسمبلی حلقوں کی حد بندی کے عمل پر بھی سوال اٹھایا، جو فروری 2020 میں شروع ہوا تھا۔

5 مئی کو حتمی حد بندی کے حکم میں اسمبلی سیٹوں کی تعداد 83 سے بڑھا کر 90 کر دی گئی۔ سات نئی نشستوں میں سے، ایک کشمیر کو دی گئی اور چھ جموں کو دی گئیں۔

فورم نے الزام لگایا کہ اس عمل کے دوران آبادی کے معیار پر عمل نہیں کیا گیا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے ’’موجودہ حد بندی کشمیر میں ووٹروں کے لیے موثر سیاسی نمائندگی اور ‘ایک شخص ایک ووٹ’ کے آئینی حق کو کمزور کرتا ہے۔ حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی [بی جے پی] کے لیے غیر ضروری انتخابی فوائد پیدا کرنے اور خطے میں حزب اختلاف کی جماعتوں کے نقصان کے لیے ہندو اور مسلم اکثریتی علاقوں کی مختلف ترتیبوں کے ساتھ متعدد نشستیں دوبارہ ترتیب دی گئی ہیں۔‘‘

فورم نے مرکز پر مزید زور دیا کہ وہ حد بندی کمیشن کی رپورٹ کو روک دے اور پہلے سے طے شدہ حلقوں کے تحت انتخابات کرائے جائیں۔