دہلی: آج سے چھٹی جماعت اور اس سے اوپر کی جماعتوں کی کلاسز کے لیے اسکول دوبارہ کھلیں گے

نئی دہلی، دسمبر 18: اے این آئی کے مطابق دہلی حکومت نے جمعہ کو کہا کہ قومی راجدھانی کے تمام اسکول چھٹی جماعت اور اس سے اوپر کی جماعت کے طلبا کے لیے ہفتہ کو دوبارہ کھلیں گے۔

نیشنل کیپیٹل ریجن اور ملحقہ علاقوں میں ہوا کے معیار کے انتظام کے کمیشن نے شہر میں اسکولوں، کالجوں اور تعلیمی اداروں کو مرحلہ وار دوبارہ کھولنے کی اجازت دی ہے۔

کمیشن نے کہا ہے کہ کلاس 5 تک کے طلباء کے لیے فزیکل کلاسز 27 دسمبر سے شروع ہو سکتی ہیں۔

3 دسمبر کو دہلی حکومت نے شہر میں فضائی آلودگی کی بلند سطح کی وجہ سے تمام اسکول بند کر دیے تھے۔

انڈیا ٹوڈے کے مطابق 13 دسمبر کو دہلی کے وزیر ماحولیات گوپال رائے نے کمیشن کو اسکولوں کو دوبارہ کھولنے کی تجویز بھیجی تھی۔

دہلی میں پرائمری اسکول گزشتہ سال 12 مارچ سے کووڈ 19 وبائی امراض کی وجہ سے بند تھے۔ اس سال جنوری میں نویں سے بارہویں جماعت کے لیے اسکول دوبارہ کھولے گئے تھے لیکن کورونا وائرس کی دوسری لہر کی وجہ سے 9 اپریل کو دوبارہ بند کر دیے گئے۔

اس کے بعد قومی دارالحکومت اور ملحقہ علاقوں میں فضائی آلودگی کی بڑھتی ہوئی سطح کی وجہ سے 13 نومبر کو اسکول اور دیگر تعلیمی ادارے بند کردیے گئے تھے۔