سابق وزیر اعلیٰ امریندر سنگھ نے پنجاب اسمبلی انتخابات کے لیے بی جے پی کے ساتھ اتحاد کا اعلان کیا

نئی دہلی، دسمبر 18: پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ امریندر سنگھ نے جمعہ کو اعلان کیا کہ ان کی نئی پارٹی ’پنجاب لوک کانگریس‘ 2022 میں ہونے والے پنجاب اسمبلی انتخابات بھارتیہ جنتا پارٹی کے ساتھ اتحاد میں لڑے گی۔

یہ فیصلہ امریندر سنگھ کی مرکزی وزیر گجیندر سنگھ شیکھاوت سے ملاقات کے بعد سامنے آیا، جو بی جے پی کی پنجاب یونٹ کے انچارج ہیں۔

اے این آئی کی خبرکے مطابق اس سے قبل شیکھاوت نے کہا تھا کہ دونوں جماعتوں نے بات چیت کے سات دور منعقد کرنے کے بعد ایک ساتھ الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ سیٹوں کی تقسیم پر بعد میں بات کی جائے گی۔

امریندر سنگھ نے کہا کہ سیٹوں کی تقسیم کا فیصلہ امیدوار کے جیتنے کے امکانات کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا ’’ہمیں یہ الیکشن جیتنے کا 101 فیصد یقین ہے۔‘‘

دریں اثنا پٹیالہ کے 22 کارپوریٹر، جو سبھی کانگریس سے تعلق رکھتے ہیں، جمعہ کو کیپٹن امریندر سنگھ کی بیٹی بیبا جے اندر کور کی موجودگی میں ایک پروگرام میں پنجاب لوک کانگریس میں شامل ہوئے۔

کیپٹن امریندر سنگھ، جو پہلے کانگریس کے ساتھ تھے، ریاستی پارٹی کے صدر نوجوت سنگھ سدھو کے ساتھ جھگڑے کے درمیان 18 ستمبر کو پنجاب کے وزیر اعلیٰ کے عہدے سے دستبردار ہو گئے تھے۔

اکتوبر میں انھوں نے کانگریس چھوڑ دی اور پنجاب لوک کانگریس کا آغاز کیا۔ اس وقت سنگھ نے کہا تھا کہ اگر زرعی قوانین کے بارے میں کسانوں کی تشویش کو دور کیا جائے تو وہ بی جے پی کے ساتھ سیٹ شیئرنگ کے انتظامات کی امید رکھتے ہیں۔ بھگوا پارٹی نے بھی کہا تھا کہ وہ سنگھ کے ساتھ اتحاد کے لیے تیار ہے۔

تینوں زرعی قوانین کو منسوخ کرنے کا بل 29 نومبر کو پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں منظور کیا گیا تھا۔

اسی دن سنگھ نے زور دے کر کہا تھا کہ ان کی پارٹی بی جے پی اور شیرومانی اکالی دل (سنیکت) کی حمایت سے پنجاب میں اگلی حکومت بنائے گی۔

پنجاب اسمبلی انتخابات فروری مارچ 2022 میں ہونے کا امکان ہے۔