کووڈ 19: وزیر صحت منسکھ منڈویہ کا کہنا ہے کہ ابھی تک پابندیاں لگانے کا کوئی منصوبہ نہیں

نئی دہلی، دسمبر 24: ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق مرکزی وزیر صحت منسکھ منڈویہ نے جمعہ کو کہا کہ ہندوستان کا ابھی تک کووڈ سے متعلق ایسی پابندیاں عائد کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے، جس میں انفیکشن کی اعلی شرح والے ممالک سے پروازوں پر پابندی بھی شامل ہے۔

انھوں نے ایک بریفنگ میں کہا کہ ’’ملک کی صورت حال ایسی نہیں ہے کہ کسی قسم کے سخت اقدامات کو نافذ کرنے کی ضمانت دی جائے۔ ہم سب ٹھیک کر رہے ہیں اور اس تمام عرصے کے بعد لوگ بہت زیادہ باشعور ہو چکے ہیں اور اپنے طور پر احتیاطی تدابیر اختیار کر رہے ہیں۔ گھبراہٹ پیدا کرنے کا کوئی فائدہ نہیں، جب اس کی بالکل ضرورت نہ ہو۔‘‘

یہ ایڈوائزری اس وقت سامنے آئی ہے جب ہمسایہ ملک چین کووڈ 19 کے معاملات میں اضافے سے پریشان ہے۔

وزیر صحت نے کہا کہ وزارت صحت منگل کو ملک بھر کے تمام بڑے ہسپتالوں میں افرادی قوت، آکسیجن کی فراہمی اور بستروں، وینٹی لیٹرز اور ادویات کی صلاحیت کی جانچ کے لیے ایک مشق کرے گی۔

منڈویہ نے کہا ’’یہ جنگ کی تیاری کے مترادف ہے، جس کے لیے ہمیں اچھی طرح سے تیار رہنا چاہیے۔ ایک ڈرل تیاری کی جانچ کرنے کا ایک مؤثر طریقہ ہے۔ جو بات نوٹ کرنا ضروری ہے وہ یہ ہے کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔‘‘

دریں اثنا وزارت صحت نے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے کہا ہے کہ وہ کووڈ 19 کی لہر کو روکنے کے لیے ’’ٹیسٹ-ٹریک-ٹریٹ-ویکسینیشن‘‘ کے طریقۂ کار پر توجہ دیں۔

وزارت نے ریاستوں سے یہ بھی کہا ہے کہ وہ جینوم کی ترتیب کے لیے مثبت نمونے بھیجیں تاکہ نئی قسموں کو وقت پر ٹریک کیا جا سکے۔