سی بی آئی نے این سی بی کے سابق افسر سمیر وانکھیڈے پر بدعنوانی کے الزام میں مقدمہ درج کیا

نئی دہلی، مئی 13: سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن نے ممبئی میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے سابق زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڑے کے خلاف بدعنوانی کے الزام میں مقدمہ درج کیا ہے۔

وانکھیڑے پر کورڈیلیا کروز جہاز پر منشیات کی مبینہ ضبطی سے متعلق معاملے میں 25 کروڑ روپے رشوت طلب کرنے کا الزام ہے، جس کیس میں اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان کو گذشتہ سال گرفتار کیا گیا تھا۔

کچھ میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ وانکھیڑے نے آرین خان کو فریم نہ کرنے کے لیے رشوت مانگی تھی، وہیں کچھ کا خیال ہے کہ اس نے کورڈیلیا جہاز کے مالکان سے یہ رشوت مانگی تھی۔

جمعہ کو سی بی آئی نے کہا کہ اس نے وانکھیڑے کے گھر اور چار شہروں دہلی، ممبئی، کانپور اور رانچی میں 28 دیگر مقامات کی تلاشی لی ہے۔

آرین خان کو 2 اکتوبر 2021 کو ان کے دوست ارباز مرچنٹ، ماڈل منم دھامیچا اور پانچ دیگر افراد کے ساتھ نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے ممبئی کے ساحل پر کروز شپ پر چھاپے کے بعد گرفتار کیا تھا۔

چھاپے کے دوران ایجنسی نے جہاز سے 13 گرام کوکین، 5 گرام میفیڈرون، 21 گرام چرس، MDMA (ایکسٹیسی) کی 22 گولیاں اور 1.3 لاکھ روپے ضبط کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

28 اکتوبر 2021 کو بمبئی ہائی کورٹ نے خان، مرچنٹ اور دھامیچا کو ضمانت دے دی، یہ مشاہدہ کرتے ہوئے کہ ان کے درمیان کسی سازش کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔

عدالتی حکم میں کہا گیا کہ چھاپے کے دوران خان کے پاس کوئی منشیات نہیں تھی۔

گذشتہ سال 27 مئی کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے خان کو اس کیس میں الزامات سے بری کر دیا تھا کیوں کہ اسے خان کے خلاف مصدقہ ثبوت نہیں ملے تھے۔ اس کے تین دن بعد وانکھیڑے کو چنئی میں ٹیکس دہندگان کی خدمات کے ڈائریکٹوریٹ جنرل میں منتقل کر دیا گیا تھا۔

بعد ازاں انسداد منشیات ایجنسی کے افسران کی جانب سے اس کیس میں بے ضابطگی کے الزامات کی جانچ کے لیے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم بھی تشکیل دی گئی تھی۔ اکتوبر میں ایس آئی ٹی نے کہا کہ اس نے تحقیقات میں کئی بے ضابطگیاں پائی ہیں اور یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ اس معاملے میں کچھ لوگوں کو ملزم کے طور پر نامزد کرتے وقت ’’منصوبہ بند سلوک‘‘ کیا گیا تھا۔