بھوپیندر پٹیل نے گجرات کے 18ویں وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا

نئی دہلی، دسمبر 12: بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما بھوپیندر پٹیل نے پیر کو گجرات کے 18ویں وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔

انھیں گاندھی نگر میں گورنر آچاریہ دیوورت نے حلف دلایا۔ وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ اور بی جے پی کی حکومت والی ریاستوں کے کئی وزرائے اعلیٰ موجود تھے۔

پی ٹی آئی کی خبر کے مطابق پٹیل کے ساتھ سولہ دیگر ایم ایل ایز نے بطور وزیر حلف لیا۔ ان میں سے گیارہ اس سے قبل بھی وزیر رہ چکے ہیں۔ ان میں سے صرف ایک – بھانو بین بابریا – ایک عورت ہیں۔

ان میں سے آٹھ کنو دیسائی، رشی کیش پٹیل، راگھوجی پٹیل، بلونت سنگھ راجپوت، کنورجی باویلیا، ملو بیرا، کبیر ڈنڈور اور بھانوبین بابریا – نے کابینہ کے وزیروں کے طور پر حلف لیا ہے۔ دو ایم ایل اے – ہرش سنگھوی اور جگدیش وشوکرما – نے آزادانہ چارج کے ساتھ وزیر مملکت کے طور پر حلف لیا ہے۔

دیگر چھ وزرائے مملکت میں پرشوتم سولنکی، بچو کھباد، مکیش پٹیل، پرفل پنشیریا، کوورجی ہلپتی اور بھیکھو سنگھ پرمار ہیں۔

پٹیل کو، جو لگاتار دوسری مدت کے لیے گجرات کی قیادت کریں گے، ہفتہ کے روز ایک میٹنگ کے دوران بی جے پی ایم ایل ایز نے متفقہ طور پر لیجسلیچر پارٹی کا لیڈر منتخب کیا۔

اس میٹنگ کے دوران بی جے پی کے سینئر لیڈر راج ناتھ سنگھ، بی ایس یدیورپا اور ارجن منڈا پارٹی کے مرکزی نمائندوں کے طور پر موجود تھے۔

8 دسمبر کو بی جے پی نے گجرات اسمبلی انتخابات میں 182 میں سے 156 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی تھی، جس نے ریاستی انتخابات میں کسی پارٹی کی طرف سے اب تک کی بہترین کارکردگی پیش کی تھی۔

ایک دن بعد پٹیل نے اگلی حکومت بنانے کی راہ ہموار کرنے کے لیے اپنی پوری کابینہ کے ساتھ وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔