گجرات: امریلی میں دلت پرنسپل کی خودکشی کے بعد پانچ کے خلاف مقدمہ درج

نئی دہلی، اکتوبر 22: گجرات پولیس نے ہفتہ کو امریلی ضلع میں ایک دلت اسکول کے پرنسپل کی خودکشی سے موت کے بعد پانچ افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔

باگسارا تعلقہ کے جونا جنجریا گاؤں میں ایک اسکول کے پرنسپل کانتی چوہان (52) نے گاؤں کے سربراہ مکیش بوریساگر کی طرف سے مبینہ طور پر دھمکی اور ذات پر مبنی گالی دیے جانے کے بعد زہر کھا لیا۔ ایک ویڈیو پیغام میں چوہان نے الزام لگایا کہ بوریساگر نے ان کے خلاف ذات پات پر مبنی طعنوں کا استعمال کیا اور ان سے کہا کہ وہ گرانٹ جو اس نے اسکول پرنسپل کے طور پر حاصل کی ہے، ان کے حوالے کریں۔

چوہان نے ویڈیو میں کہا ’’اس نے [بوریساگر] نے گاؤں والوں کے سوشل میڈیا گروپس میں میرے اور میری ذات کے بارے میں ایک ہتک آمیز پیغام بھی پھیلایا۔‘‘

چوہان نے یہ بھی الزام لگایا کہ وہ اسکول جانے سے ڈرتا تھا کیوں کہ اسے ڈر تھا کہ بوریساگر اسے جان سے مار سکتا ہے۔ اس نے کہا ’’میں ایک نچلی ذات سے آتا ہوں۔ میں طلباء کو پڑھاتا ہوں۔ آپ ہماری ذات کو ہتھیار کے طور پر استعمال کر کے ہمیں بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جو کہ ایک گاؤں کے سربراہ کی حیثیت سے آپ کے لیے شرمناک ہے۔‘‘

چوہان کی بیوی نے پولیس شکایت میں کہا کہ اس نے اسکول کے اوقات سے پہلے اضافی کلاسیں شروع کر دی تھیں۔ تاہم ایک طالب علم غیر حاضر رہتا تھا جس پر چوہان نے اسے ڈانٹا تھا۔ اس کے بعد طالب علم کے والدین نے چوہان پر اضافی کلاس نہ لینے کے لیے دباؤ ڈالا۔

بوریساگر نے پھر مبینہ طور پر چوہان کو پرنسپل کے عہدے سے ہٹا دیا۔

جمعہ کو چوہان کو زہر پینے کے بعد اسپتال لے جایا گیا تھا۔ تاہم علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔ چوہان کی موت کے بعد دلت برادری کے افراد نے ہفتہ کو بگسرا پولیس اسٹیشن کے باہر احتجاج کیا اور جب تک ملزمین کی گرفتاری نہیں کی جاتی اس کی لاش لینے سے انکار کردیا۔

بوریساگر کے علاوہ پولیس نے تین اساتذہ رنجن لاٹھیا، ہنسا ٹینک، بھاونا اور ایک شخص وپل کیاڈا نامی ایک اور شخص کو خودکشی کے لیے اکسانے کے الزام میں مقدمہ درج کیا ہے۔ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کی دس ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

امریلی کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس جے پی بھنڈاری نے کہا ’’ہم نے تعزیرات ہند کی دفعہ 306 [خودکشی کی ترغیب] اور درج فہرست ذات اور درج فہرست قبائل (مظالم کی روک تھام) ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔‘‘