سپریم کورٹ میں آل ویمن بنچ کا قیام، صرف تیسری بار ایسا ہوا ہے

نئی دہلی، دسمبر 1: چیف جسٹس آف انڈیا ڈی وائی چندرچوڑ نے بدھ کے روز ازدواجی تنازعات اور ضمانت کے معاملات سے متعلق درخواستوں کی سماعت کے لیے جسٹس ہیما کوہلی اور بیلا ایم ترویدی پر مشتمل ایک آل ویمن بنچ تشکیل دیا ہے۔

یہ صرف تیسرا موقع ہے جب سپریم کورٹ میں آل ویمن بنچ تشکیل دیا گیا ہے۔

بار اینڈ بنچ کے مطابق یہ بنچ جمعرات کو 10 منتقلی کی درخواستوں، 10 ضمانتوں کے مقدمات، 9 دیوانی مقدمات اور تین فوجداری مقدمات کی سماعت کرے گا۔ گذشتہ ماہ چیف جسٹس نے کہا تھا کہ سپریم کورٹ کا ہر بنچ تمام کام کے دنوں میں 10 ٹرانسفر اور ضمانت کی درخواستوں کی سماعت کرے گا تاکہ ضمنی فہرست میں مقدمات کو کم کیا جا سکے۔

پی ٹی آئی کے مطابق پہلی بار 2013 میں ایک آل ویمن بنچ تشکیل دیا گیا تھا جب جسٹس گیان سدھا مشرا اور رنجنا پرکاش دیسائی دوسرے جج کی غیر موجودگی میں عارضی طور پر ایک ساتھ بیٹھے تھے۔ دوسری بار 2018 میں جسٹس آر بھانومتی اور اندرا بنرجی ایک ساتھ بیٹھے تھے۔

اس وقت سپریم کورٹ میں صرف تین خواتین جج ہیں– جسٹس بی وی ناگارتھنا، کوہلی اور ترویدی۔

جسٹس ناگارتھنا 2027 میں ہندوستان کی پہلی خاتون چیف جسٹس بھی بننے والی ہیں۔