ہندوستان کوئی دھرم شالہ نہیں ہے: راج ٹھاکرے

نئی دہلی : مہاراشٹر نونرمان سینا کے صدر راج ٹھاکرے نے کہا کہ بھارت کوئی دھرم شالہ نہیں ہے۔ یہاں باہری لوگوں کو لانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ یہاں تو پہلے سے ہی کافی آبادی ہے۔ شہریت  کو لےکر بی جے پی  اور دوسری پارٹیوں کو سیاست نہیں کرنی چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ اگر حکومت کو یہی کرنا تھا تو آدھار کا ڈراما کیوں کیا؟ اتنی آبادی کے بعد بھی باہرسے لوگوں کو لانے کی کیا ضرورت  ہے؟ ووٹنگ کے لیے آدھار کارڈ چل سکتا ہے تو شہریت ثابت کرنے کے لیے آدھار کارڈ کیوں نہیں ۔ آدھار کارڈ کے لیے قطار میں لگے لوگوں کو کیا فائدہ ملا۔

انھوں نے کہا کہ میں امت شاہ کو مبارکبا د دیتا ہوں کہ انھوں نے اقتصادی بحران سے دھیان ہٹانے کے لیے یہ کھیل کھیلا۔ ملک میں عوام کو پہلے ہی بنیادی سہولیات نہیں مل رہی ہیں ایسے میں باہری لوگوں کو بلانا ٹھیک نہیں ہے۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ یہاں کے مسلمانوں کو ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ انہیں کوئی نہیں نکال سکتا ہے۔ لیکن کچھ لوگ ان کو بہکا رہے ہیں۔ ان کو گمراہ کر رہے ہیں۔ مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ  ان کی چال میں نہ پھنسے۔ وہ  ان کو مظاہرہ کی آگ میں جھونک کر اپنی روٹیاں سینک رہے ہیں۔ اس سے نہ تو مسلمانوں کی  کوئی ترقی ہوگی اور نہ ہی ان کی دقتیں ہی دور ہوں گی۔ لیکن سیاسی رہنماؤں کو ضرور فائدہ ہو جائےگا۔

(ایجنسیاں)