گمراہ کن اشتہارات کے معاملے میں پتنجلی نے غیر مشروط طور پرمعافی مانگی

  سپریم کورٹ میں حلف نامہ داخل کرتے ہوئے کہا، مستقبل میں ایسا نہیں ہوگا

نئی دہلی، 21 مارچ:

پتنجلی آیوروید کے ایم ڈی آچاریہ بال کرشنا نے سپریم کورٹ میں حلف نامہ داخل کیا ہے اور گمراہ کن اشتہار کے معاملے میں غیر مشروط طور پرمعافی مانگی ہے۔ سپریم کورٹ میں داخل حلف نامہ میں آچاریہ بال کرشنا نے اشتہار پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں اشتہار میں توہین آمیز جملوں پر افسوس ہے۔

آچاریہ بالکرشنا نے اپنی ادویات کی معجزانہ صلاحیتوں کے بارے میں پتنجلی کے گمراہ کن دعووں کے لیے غیر مشروط معافی مانگی جس نے جدید طب پر شک پیدا کیا تھا۔ آچاریہ بال کرشنا نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس اشتہار میں صرف عام بیانات شامل کئے گئے تھے اور نادانستہ طور پر قابل اعتراض جملے بھی شامل کیے گئے تھے۔ پتنجلی آیوروید کی جانب سے بال کرشنا نے 21 نومبر 2023 کو دیے گئے حکم نامے میں درج بیان کی خلاف ورزی کے لیے عدالت میں معافی نامہ داخل کیا اور کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ مستقبل میں بھی ایسے اشتہارات جاری نہ ہوں۔

دراصل، پچھلی سماعت میں، سپریم کورٹ نے نوٹس کا جواب نہ دینے پر آچاریہ بال کرشنا کو 2 اپریل کو ذاتی طور پر عدالت میں حاضر ہونے کی ہدایت دی تھی۔ عدالت نے بابا رام دیو کو وجہ بتاؤ نوٹس بھی جاری کیا ہے اور انہیں 2 اپریل کو حاضر ہونے کو کہا ہے۔