دہلی ایکسائز گھوٹالہ :بالآخر اروند کیجریوال بھی گرفتار ،ای ڈی نے کی کارروائی

ای ڈی کی ٹیم نے دو گھنٹے کی تلاشی اور پوچھ گچھ کے بعد دیر رات کیا گرفتار، دہلی ہائی کورٹ نے راحت دینے سے انکار کر دیا تھا

نئی دہلی، 21 مارچ :۔
بالآخر جس بات کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا وہی ہوا اور جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کے بعد دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو ای ڈی نے گرفتار کر لیا۔رپورٹ کے مطابق انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے جمعرات کو دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کو مبینہ شراب پالیسی گھوٹالہ معاملے میں گرفتار کر لیا۔ مرکزی تفتیشی ایجنسی ای ڈی نے کیجریوال سے تقریباً دو گھنٹے تک پوچھ گچھ کے بعد حراست میں لے لیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مرکزی تفتیشی ایجنسی ای ڈی کی ٹیم نے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کو ان کی رہائش گاہ پر تقریباً 2 گھنٹے تک تلاشی لینے کے بعد گرفتار کیا ہے۔ معلومات کے مطابق، ای ڈی کی چھ رکنی ٹیم پہلے ان کی سرکاری رہائش گاہ پر پہنچی اور عملے کو مطلع کیا کہ ایکسائز پالیسی کیس میں ان کے خلاف سرچ وارنٹ ہے۔ اس کے بعد تقریباً تین گھنٹے تک تلاشی مہم چلی، جس کے بعد ای ڈی نے کیجریوال کا فون ضبط کر کے انہیں گرفتار کر لیا۔ تفصیلی خبر کا انتظار ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے آج ای ڈی نے مبینہ دہلی شراب پالیسی گھوٹالہ معاملے میں پوچھ گچھ کے لیے کیجریوال کو 9ویں سمن بھیجا تھا، لیکن کیجریوال ای ڈی کے سامنے پیش ہونے سے پہلے دہلی ہائی کورٹ گئے تھے۔ تاہم، ہائی کورٹ نے اس معاملے میں اروند کیجریوال سے پوچھ گچھ اور گرفتاری پر ای ڈی کو کوئی پابندی دینے سے انکار کر دیا تھا۔
وہیں اس پورے معاملے میں عام آدمی پارٹی کی لیڈر اور دہلی حکومت میں وزیر آتشی کا گرفتاری کے خدشات کے درمیان پہلے ہی بیان سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے کہا کہ ای ڈی ایک آزاد جانچ ایجنسی نہیں ہے۔ وہ کوئی تفتیش نہیں کرنا چاہتی۔ وہ بی جے پی کا سیاسی ہتھیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای ڈی اروند کیجریوال کو طلب کر کے گرفتار کرنا چاہتی ہے۔
آتشی نے کہا، ’’اگر ای ڈی کی نیت صاف ہے تو اسے عدالت میں کھڑے ہو کر کہنا چاہیے کہ ہم اروند کیجریوال کو گرفتار نہیں کریں گے۔ کل جب ہم ہائی کورٹ گئے تو ای ڈی نے اروند کیجریوال کی درخواست کی سخت مخالفت کی۔ وہ یہ کیوں نہیں کہہ سکتے کہ ہم اروند کیجریوال کو صرف تحقیقات کے لیے بلا رہے ہیں اور انہیں گرفتار نہیں کریں گے۔ وہ ایسا نہیں کہہ سکتا کیونکہ یہ اس کا مقصد ہے۔آتشی نے مزید کہا کہ ای ڈی کا مقصد اروند کیجریوال کو گرفتار کرنا اور کیجریوال کو انتخابی مہم سے روکنا ہے۔ آتشی نے کہا، ای ڈی بی جے پی کے سیاسی ہتھیار کے طور پر کام کر رہی ہے۔