گجرات یونی ورسٹی کے طلبا یونین انتخابات میں اے بی وی پی کی شرمناک شکست

احمد آباد، جنوری 25— اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد (اے بی وی پی)، آر ایس ایس کی طلبا جماعت جسے حکمراں بی جے پی کی سرپرستی بھی حاصل ہے، کو جمعہ کے روز یہاں گجرات مرکزی یونی ورسٹی میں طلبا یونین کے انتخابات میں ذلت آمیز شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اے بی وی پی نے انتخابات میں تمام پانچ نشستوں پر ہار کا سامنا کیا۔

کانگریس کی طلبا جماعت نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا (این ایس یو آئی) اور بائیں بازو کی طلبا جماعتوں- برسا امبیڈکر پھول اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن (بی اے پی ایس اے)، اسٹوڈنٹس فیڈریشن آف انڈیا (ایس ایف آئی) اور لیفٹ ڈیموکریٹک اسٹوڈنٹس فیڈریشن (ایل ڈی ایس ایف) کے اتحاد نے چار نشستیں جیتیں۔ انھوں نے ایک ایک نشست پر کامیابی حاصل کی جب کہ باقی کی ایک نشست پر آزاد امیدوار نے کامیابی حاصل کی۔

یونی ورسٹی کے 11 میں سے پانچ اسکولوں، اسکول آف لینگویجز، انٹرنیشنل ریلیشنس، لائبریری سائنس، ماحولیاتی اور سماجی سائنس میں یہ انتخابات ہوئے۔

فاتح:

بی اے پی ایس اے کے امیدوار اشرف نے سوشل سائنس میں کل 167 ووٹوں میں سے 114، ایل ڈی ایس ایف کی پراچی لوکھنڈے نے بین الاقوامی تعلقات میں کل 38 ووٹوں میں سے 30 اور ایس ایف آئی سے چترنجن نے کل 166 میں سے 94 ووٹ حاصل کیے۔ دوسرے دو جیتنے والے امیدواروں میں ماحولیاتی سائنس سے ترون کمار اہیرور اور لائبریری سائنس سے این ایس یو آئی کے وجیندر کمار شامل ہیں۔

NSUI نے وارانسی سنسکرت یونیورسٹی کے انتخابات میں اے بی وی پی کو شکست دی

اس ماہ کے شروع میں این ایس یو آئی نے وارانسی کے سمپورنند سنسکرت وشو ودیالیہ میں بھی طلبا یونین کے انتخابات میں چاروں نشستوں پر اے بی وی پی کو شکست دے کر کامیابی درج کی تھی۔

این ایس یو آئی کے شوم شکلا نے اے بی وی پی کے ہرشت پانڈے کو نمایاں فرق سے شکست دے کر صدر کی نشست جیتی تھی جب کہ چندن کمار مشرا نائب صدر، اوینیش پانڈے نے جنرل سکریٹری کی نشست  اور رجنی کانت دوبے نے لائبریرین کا عہدہ حاصل کیا تھا۔