کورونا وائرس کے پیش نظر لوگوں کے گھروں کے اندر ہی رہنے کو یقینی بنانے کے لیے پنجاب نے کرفیو نافذ کیا

نئی دہلی، مارچ 23: کورونا وائرس کے پیش نظر 16 ریاستوں اور ایک یونین ٹیریٹوری جموں و کشمیر کے 78 اضلاع کے لاک ڈاؤن کے درمیان، پنجاب پیر کی سہ پہر اس خوفناک وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور لوگوں کے گھروں میں رہنے کو یقینی بنانے کے لیے کرفیو نافذ کرنے والی پہلی ریاست بن گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب امریندر سنگھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرفیو اس لیے نافذ کردیا گیا ہے کیوں کہ لوگ دفعہ 144 نافذ کرنے اور پوری ریاست کو لاک ڈاؤن کرنے کے باوجود گروپوں میں باہر نکل رہے ہیں۔

دریں اثنا نئی دہلی میں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) نے او پی ڈیز، خصوصی خدمات اور تمام نئے اور پرانے رجسٹریشن کو 24 مارچ سے اگلے احکامات تک بند کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی بڑھتی تعداد کو مناسب علاج معالجہ فراہم کیا جاسکے۔ اسی دوران کورونا وائرس کے تصدیق شدہ معاملات نے پورے ملک میں 415 کے اعداد و شمار کو چھو لیا۔